عمران خان کے انقلابی اقدام پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں،

روزگاراور تعلیم کے مسائل حل ہوں گے، بچودیوان

منگل 18 ستمبر 2018 16:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2018ء) پاک مسلم الائنس (دیوان) کے چیئرمین بچوعبدالقادردیوان نے مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے انقلابی اقدام پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں،جن کی وجہ سے بانیان پاکستان کی اولادوں کی فاقہ کشی، بے روزگاری کا خاتمہ اور تعلیمی مسائل حل ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان کے اعلان سے پاکستان میں بسنے والی بنگالی برادری میں خوشی کی ایک لہر دوڑگئی ہے، اور بے چینی وبے سکونی کی کیفیت ختم ہوگئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہماری کمیونٹی کے قومی اور آئینی حقوق قومی شناختی کارڈ،پاسپورٹ اور ب فارم بنانے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں اورامید کرتے ہیں کہ ان کو جلد ازجلد ممکن بنایاجائے گا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں بچوعبدالقادردیوان نے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماسعید غنی اور نبیل گبول کی میڈیاسے گفتگومیں بنگالی کمیونٹی کے خلاف ہرزہ سرائی کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پی پی پی رہنمافوری طورپر معافی مانگیں بصورت دیگر ملک میں بسنے والے لاکھوں بنگالی وزیراعلیٰ ہائوس پر احتجاجی دھرنادیں گے۔

انہوں نے کہاکہ نبیل گبول پہلے بھی بنگلہ نژادمحب وطن پاکستانیوں کے خلاف زہر اگل چکے ہیں ،کیاپیپلزپارٹی میں کوئی چیک اینڈبیلنس نہیں ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں