کیمرے کی آنکھ نے عدالت میں بیماری کے بہانے کرنے والے ڈاکٹر عاصم کو پارک میں پکڑ لیا

لاٹھی کے سہارے عدالت میں پیش ہونے والے ڈاکٹر عاصم ویڈیو میں بلکل ہشاش بشاش نظر آئے،ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 15 نومبر 2018 11:54

کیمرے کی آنکھ نے  عدالت میں بیماری کے بہانے کرنے والے ڈاکٹر عاصم کو پارک میں پکڑ لیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 نومبر2018) عدالت پیشی پر لاٹھی کا سہارا لینے والے ڈاکٹر عاصم پارک میں چاک و چوبند نظر آئے۔تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی دوست ڈاکٹر عاصم کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ان کو پارک میں واک کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ڈاکٹرعاصم جم خانہ میں بغیر لاٹھی کے بلکل ہشاش بشاش نظر آئے۔ڈاکٹر عاصم کی بغیر سہارے کے چہل قدمی کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ان پر تنقید کی جا رہی ہے کہ وہ عدالت میں تو بیماری کا بہانہ بناتے تھے اور لاٹھی کا سہارا لیتے ہوئے پیش ہوتے تھے۔

ڈاکٹر عاصم جب بھی عدالت آئے لاٹھی کے سہارے آئے۔ویڈیو میں ڈاکٹر عاصم کو دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ان کو کوئی بیماری نہیں ہے اور وہ بلکل صحت مند ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف 17 ارب روپے کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوتی ہے ۔گذشتہ سماعت میں احتساب عدالت میں جے جے وی ایل ریفرنس کیس کی سماعت ہوئی جہاں ڈاکٹر عاصم حسین کے شریک ملزم زوہیر صدیقی، شعیب وارثی اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے ۔

عدالت کو بتایا گیا کہ ڈاکٹر عاصم بیمار ہیں پیش نہیں ہوسکتے، جس پرعدالت نے ڈاکٹر عاصم کی ایک روز کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔02 اکتوبر کو مقامی احتساب عدالت نے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین کو علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔پیپلزپارٹی رہنما کی طبیعت سے متعلق سرجن نے رپورٹ عدالت میں پیش کی جس میں بتایا گیا کہ ڈاکٹرعاصم بیمار ہیں اور انہیں علاج کی سخت ضرورت ہے۔عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں دو اکتوبر سے 30 اکتوبر تک بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔ڈاکٹر عاصم حسین پر دہشت گردوں کے علاج میں سہولت کاری کا الزام بھی عائد ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں