سندھ کے حالات بہتر کرنے ہیں تو پیپلزپارٹی سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا، خرم شیر زمان

منگل 10 دسمبر 2019 17:54

سندھ کے حالات بہتر کرنے ہیں تو پیپلزپارٹی سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا، خرم شیر زمان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے کہاہے کہ سندھ کے حالات بہتر کرنے ہیں تو پیپلزپارٹی سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیرزمان نے کہاکہ پورا پاکستان پریشان ہے کہ سندھ اسمبلی کے اجلاس روزانہ ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پروڈکشن آرڈرز کے لیے سندھ اسمبلی اجلاس پر روزانہ 50 لاکھ خرچ ہو رہے ہیں، صرف2 افراد کے پروڈکشن آرڈر کے لیے اجلاس کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرپشن اس حد تک پہنچ گئی کہ عوام کی چیخیں نکلنا شروع ہوگئی ہیں، صوبے میں تعلیم کا نظام دن بدن نیچے آ رہا ہے، جو اساتذہ احتجاج کرتے ہیں ان کو ڈنڈے مارے جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ نیب کو خط لکھ رہے ہیں کہ محکمہ بلدیات کی تحقیقات کی جائیں، کے فور میں کتنی کرپشن ہوئی اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ سندھ میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی ہے۔خرم شیر زمان نے کہا کہ جتنا پیسہ سندھ میں خرچ ہو رہا ہے وہ وفاق کا ہے، آخری موقع ہے، سندھ حکومت کو اپنا قبلہ درست کرلے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے حالات بہتر کرنے ہیں تو پیپلزپارٹی سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں