کورونا وائرس، ڈاکٹروں نے سندھ حکومت پر جھوٹے دعووں کا الزام عائد کر دیا

ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز موجود نہیں، سندھ حکومت جھوٹے دعوے کر رہی ہے، ڈاکٹروں کو بغیر ہتھیاروں کے میدان جنگ میں بھیجا جارہا ہے، سیکرٹری ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سندھ ڈاکٹر محبوب

Khurram Aniq خُرم انیق جمعرات 4 جون 2020 13:41

کورونا وائرس، ڈاکٹروں نے سندھ حکومت پر جھوٹے دعووں کا الزام عائد کر دیا
کراچی (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-04جون2020 ء) کوورنا وائرس کے مشکل وقت میں ڈاکٹروں نے سندھ حکومت پر جھوٹے دعووں کا الزام عائد کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سندھ ڈاکٹر محبوب نے الزام عائد کیا ہے کہ ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز موجود نہیں، سندھ حکومت جھوٹے دعوے کر رہی ہے، ڈاکٹروں کو بغیر ہتھیاروں کے میدان جنگ میں بھیجا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کو کسی قسم کی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہی جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ڈاکٹر محبوب کا مزید کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں جب کورونا شدت اختیار کر گیا ہے، لاک ڈاؤن میں نرمی سے شہریوں کے علاوہ ڈاکٹروں کی بڑی تعداد بھی کورونا سے متاثر ہو رہی ہے جس سے حالات مزید کشیدگی کی طرف جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی موقع پر بات کرتے ہوئے جنرل سیکریرٹری وائی ڈی اے کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ہیلتھ الاونس دیئے جائیں، اس وقت سینکڑوں ڈاکٹر کورونا کا شکار ہو کر اپنے اہل خانہ کےس ساتھ آئسولیٹ ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ محکمہ صحت سندھ کے مطابق صوبے بھر میں کورونا کے متاثرہ افراد کی تعداد 32 ہزار910 تک پہنچ گئی ہے اور 555 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ مریضوں کی تعداد کراچی سے سامنے آئی ہے، کراچی میں اب تک 453 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں اور26 ہزار281 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس بگڑتی ہوئی صورتحال میں ڈاکٹروں کی بڑی تعداد بھی متاثر ہو رہی ہے جس کے بعد اب ڈاکٹروں نے سندھ حکومت کے دعووں کو مسترد کر دیا ہے۔ اس حوالے سے سیکرٹری ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سندھ ڈاکٹر محبوب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز موجود نہیں، سندھ حکومت جھوٹے دعوے کر رہی ہے، ڈاکٹروں کو بغیر ہتھیاروں کے میدان جنگ میں بھیجا جارہا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں