شہر قائد میں ایک بار پھر اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافہ، شہری دن دہاڑے لٹنے لگے

ناظم آباد اور ابوالحسن اصفہانی روڈ میں ہونے والی وارداتوں کی فوٹیج منظرعام پر آگئی، پولیس ملیرسے ڈکیتیوں میں ملوث گروہ کوگرفتار کرلیا

ہفتہ 19 ستمبر 2020 15:04

شہر قائد میں ایک بار پھر اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافہ، شہری دن دہاڑے لٹنے لگے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2020ء) شہر قائد میں ایک بار پھر اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا، شہری دن دہاڑے لٹنے لگے۔ ناظم آباد اور ابوالحسن اصفہانی روڈ میں ہونے والی وارداتوں کی فوٹیج منظرعام پر آگئی۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈکیتی کی وارداتیں بڑھنے لگیں اسٹریٹ کرائم پھر زور پکڑنے لگے، شہری اپنے گھروں کے باہر بھی محفوظ نہیں، ناظم آباد میں 2موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے خواتین کو لوٹ لیا اور فرار ہو گئے۔

اس حوالے سے پولیس نے بتایاکہ ناظم آباد نمبر دو میں مسلح موٹر سائیکل ملزمان نے خواتین سے بیگ چھین لیا، خواتین نے مزاحمت کی کوشش کی تو ساتھ موجود بچے پر جھپٹ پڑے، خواتین کے شور مچانے پرایک ملزم موٹر سائیکل کی طرف بھاگا، دوبارہ پلٹا اورخواتین کا بیگ لیکر چلتا بنا۔

(جاری ہے)

دوسری واردات میں ابو الحسن اصفہانی روڈ پر مسلح ملزمان نے حجام کی دکان میں لوٹ مار کی، دو مسلح افراد نے دکان میں موجود دو افراد کو زمین پر بٹھایا اور باآسانی لاکرز سے پیسے اور موبائل فونز لے کر فرار ہوگئے۔

علاوہ ازیں کراچی کے علاقے اسٹیل ٹائون کی پولیس نے ضلع ملیر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتیوں میں ملوث گروہ کوگرفتار کرلیاہے۔پولیس نے انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی کی۔گرفتار گروہ کا سرغنہ خدا بخش بلوچستان کے علاقے اوستہ محمد کا رہائشی ہے۔ گرفتار ملزمان نے گزشتہ روز گلشن حدید میں دودھ کی دکان میں ڈکیتی کی واردات کی تھی، واردات میں دکان سے لوٹے گئے موبائل فونز ملزمان سے برآمد کر لئے گئے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں