والد کے بیمار ہونے کے بعد لنگر سے کھانا کھانے والی خاتون نے انسانی ہمدردی کی مثال قائم کر دی

خاتون نے اپنے کاروبار میں کامیابی کے بعد نادار افراد کیلئے دستر خوان سجا لیا، خاتون کی غریب افراد میں کھانا تقسیم کرنے کی ویڈیو وائرل

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 27 جولائی 2021 23:18

والد کے بیمار ہونے کے بعد لنگر سے کھانا کھانے والی خاتون نے انسانی ہمدردی کی مثال قائم کر دی
کراچی (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 27جولائی 2021) والد کے بیمار ہونے کے بعد لنگر سے کھانا کھانے والی خاتون نے انسانی ہمدردی کی مثال قائم کر دی، خاتون نے اپنے کاروبار میں کامیابی کے بعد نادار افراد کیلئے دستر خوان سجا لیا، خاتون کی غریب افراد میں کھانا تقسیم کرنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی- تفصیلات کےمطابق کراچی کی رقیہ فرید نے، جو کبھی خود لنگر سے کھانا کھانے پر مجبور تھیں، نادار افراد کے لیے دستر خوان سجا لیا۔

ان کا دستر خوان سفید پوش افراد کو گھروں پر بھی کھانا فراہم کرتا ہے۔ سفید پوش افراد کے لیے دستر خوان چلانے والی خواتین رقیہ فرید اور فاطمہ نے نجی ٹیلی ویژن چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اپنے دستر خوان کے بارے میں بتایا۔ رقیہ نے بتایا کہ ان کی زندگی میں ایک وقت ایسا بھی آیا تھا کہ وہ خود بھی لنگر سے کھانا کھانے پر مجبور ہوگئیں تھی۔

(جاری ہے)

رقیہ کا کہنا تھا کہ ان کے والدین بیماری کے باعث بستر سے جا لگے تھے اور گھر کی ذمہ داری ان پر آگئی تھی، وہ آرٹسٹ تھیں اور اپنی پینٹنگز بنایا کرتی تھیں، بعد ازاں انہوں نے اپنی کمپنی شروع کی اور جلد ہی ان کا کاروبار چل نکلا۔ وہ کہتی ہیں کہ خدا نے جب انہیں اس قابل کردیا تو انہیں خیال آیا کہ کیوں نہ اپنے جیسے وقت سے گزرنے والے افراد کا سہارا بنیں۔

 
رقیہ نے بتایا کہ ان کا دستر خوان خاص طور پر خواتین کے لیے ہے، تاہم مرد بھی یہاں کھانا کھاتے ہیں، علاوہ ازیں جو یہاں نہیں آسکتے ان کے گھروں پر بھی کھانا پہنچایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے ہاتھوں سے لوگوں میں کھانا تقسیم کرتی ہوں، اس بات میں کوئی عار محسوس نہیں کرتی، میری طرح ان تمام لوگوں کو صاحب استطاعت ہیں، غریب افراد کے پیٹ بھرنے کیلئے بندوبست کرنا چاہیے، اس کا پھل آخرت میں ملے گا-

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں