نواسہ رسولؐ اور خانوادہ رسولؐ رہتی دنیا تک ناصرف حق کو باطل سے اور جیت کو کامیابی سے جدا کر گئے، سید مصطفی کمال

منگل 28 ستمبر 2021 22:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2021ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہاکہ نواسہ رسولؐ اور خانوادہ رسولؐ رہتی دنیا تک ناصرف حق کو باطل سے اور جیت کو کامیابی سے جدا کر گئے بلکہ تاقیامت کے لیے ثابت کرگئے کہ بظاہر دنیاوی لحاظ سے نظر آنے والی جیت ضروری نہیں کہ اصل کامیابی ہو،یزید یک طرفہ جنگ جیت کر بھی تاقیامت لعنت و ملامت کا صیغہ بن گیا جبکہ حضرت امام حسین ابن علی اور 72 اہل بیت میدان کربلا میں حق کی خاطر گردن کٹوا کر شجاعت اور عظیم کردار کی مثال بن کر امر ہوگئے۔

حضرت امام حسین رضہ اور شہدائے کربلا کے چہلم کی مناسبت سے اہم پیغام میں انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین ابن علی نے جس صبر و تحمل، رواداری، ایثار اور قربانی کا مظاہرہ کیا وہ رہتی دنیا تک کے انسانوں کے لئے مثال ہے، دنیاوی اعتبار سے اپنا سب کچھ گنوا کر حق پر ڈٹے رہنا اصل کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

امام حسین اور ان کے جانثار ساتھیوں نے اپنی گردنیں کٹوا کر باطل قوتوں کی گردنیں تا قیامت جھکا دیں۔

انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں نے دین اسلام کے آفاقی اصولوں کو رہتی دنیا تک کے لیے مثال بنا دیا ہے۔ اہل بیت سے محبت کا تقاضہ ہے کہ امت مسلمہ شہدائے کربلا کو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ دین حق کو اپنی زندگیوں میں عملی طور پر لاگو کرئے۔ انہوں نے کہا کہ انسان کی سوچ اور زندگی اللہ تعالی کے احکامات کے تابع ہونی چاہیے۔ ہمیں ہر روز یہ یاد رکھنا چاہیے ۔

حضرت امام حسین نے گردن سجدے کی حالت میں کٹائی تھی۔ اس لیے انکی قربانی کا بہترین صلہ یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ امتی اپنی زندگی دین حق کی تعلیمات پر بسر کریں اور اپنی آخرت کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کے میدان میں حق و باطل کا معرکہ مسلمانوں کو ظلم اور بربریت کیخلاف جہاد کرنے کا درس دیتا ہے۔ حضرت امام حسین اور انکے جانثار ساتھیوں نے لازوال قربانیاں دے کر حق کا پرچم سربلند کیا۔

اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے باطل کے سامنے نہ جھکنے کا درس دیا۔ انسانیت کی عظمت اور اسلام کی سربلندی کیلئے شہدائے کربلا کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں. نواسہ رسولؐ نے کردار و عمل سے حق کی آواز بلند کرنا اور مظلوموں کو ظلم و جبر کیخلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی حسینیت کی پیروکار ہے اور ظالم قوتوں کے سامنے سینہ سپر ہے، آج بھی اربوں روپے کا بجٹ رکھ کر ظالم حکمران مظلوم عوام کو پینے کا پانی نہیں دے رہے۔قوم ایک ملت واحد کی طرح متحد ہوکر اپنے فروعی اختلافات کو بھلا کر عالم اسلام کی ترقی کیلئے کام کرے اور اپنی صفوں میں مکمل اتحاد، اتفاق اور یگانگت قائم رکھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں