ن لیگ کا برا وقت گزر گیا، عمران خان کا برا وقت شروع ہو چکا، محمد زبیر

ثاقب نثار پر الزامات لگے تو وہ وضاحت کریں، اور بیان حلفی پر جہاں بھی دستخط ہوئے ہوں الزامات کی تحقیقات ہونی چاہئیں،سابق گورنرسندھ

بدھ 26 جنوری 2022 15:35

ن لیگ کا برا وقت گزر گیا، عمران خان کا برا وقت شروع ہو چکا، محمد زبیر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2022ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے قائدمیاں نوازشریف اور نائب صدرمریم نوازکے ترجمان محمد زبیرنے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن)کا برا وقت گزر گیا ہے، اور اچھا وقت آنے والا ہے، لیکن عمران خان کا برا وقت شروع ہو چکا۔خصوصی بات چیت کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ انھوں نے نواز شریف کو اتنا پر جوش کبھی نہیں دیکھا، مسلم لیگ ن کی قیادت نے مشکل وقت گزار لیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف ہائی اسپرٹ میں ہیں، پہلے کبھی انھیں ایسا نہیں دیکھا، ہمارا اچھا وقت آ گیا، عمران خان کا برا وقت شروع ہو چکا۔محمد زبیر نے دعوی قائد ن لیگ سے لندن میں ملاقات کے بعد کیا ہے، انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کے لیے یہ اچھی خبر نہیں، ان کا برا وقت شروع ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا نواز شریف سے میری ملاقات اچھی رہی، نواز شریف سیاست کا محور ہیں، وہ بہت جلد مستقبل قریب میں وطن واپس آئیں گے، لندن میں ان کا احتجاج ہو رہا ہے۔

محمد زبیر نے کہاکہ نواز شریف سے ملاقات کے بعد اب بتائیں کہ پارٹی کی قیادت کون کرے گا انھوں نے کہا میں آپ کو کوئی ہیڈ لائن نہیں دوں گا، قیادت کون کرے گا، یہ پارٹی قیادت کا اپنا فیصلہ ہوتا ہے، مسلم لیگ ن میں سارے بہترین لیڈرز ہیں۔نواز شریف کی صحت سے متعلق رپورٹس پر انھوں نے کہا کہ عدالت نواز شریف کی صحت کی رپورٹ جب بھی مانگے گی تو ہم فراہم کر دیں گے، صحت کسی کا بھی ذاتی معاملہ ہوتا ہے، اس پر کھل کر بات نہیں کر سکتا، طبی طور پر جب بھی ضرورت ہوگی نواز شریف سرجری کرا لیں گے۔

محمد زبیر نے بیان حلفی سے متعلق کہا کہ بیان حلفی پر کہیں بھی دستخط ہوئے تھے اس سے فرق نہیں پڑتا، ہمارے لیے یہ اہم ہے کہ ثاقب نثار پر الزامات لگے تو وہ وضاحت کریں، اور بیان حلفی پر جہاں بھی دستخط ہوئے ہوں الزامات کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں