سی ویو کے ساحل پر نوجوان کی مبینہ خودکشی کا ڈراپ سین ،نوجوان گھر واپس پہنچ گیا

طاہر محمود نے خودکشی نہیں کی تھی شاید نشہ آور چیز کا استعمال کیا ہے،قریبی عزیزاسرار احمد،واقعے سے متعلق تفتیش شروع کر دی ہے،پولیس

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 24 اپریل 2024 11:32

سی ویو کے ساحل پر نوجوان کی مبینہ خودکشی کا ڈراپ سین ،نوجوان گھر واپس پہنچ گیا
کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 اپریل2024 ء) کراچی سی ویو کے ساحل پر نوجوان کی مبینہ خودکشی کا ڈراپ سین ہوگیا،نوجوان گھر واپس پہنچ گیا، طاہر محمود نے خودکشی نہیں کی تھی،نوجوان کے قریبی عزیز اسرار احمد کا کہنا ہے کہ طاہر محمود نے خودکشی نہیں کی تھی، نوجوان نیم بیہوشی کی حالت میں مل گیا، اس کے سسرال والوں نے کچھ دیر پہلے آگاہ کیا ہے۔اسرار احمد نے بتایا کہ طاہر محمود نے شاید نشہ آور چیز کا استعمال کیا ہے۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان طاہر شاہ فیصل میں گھر کے قریب سے بیہوشی کی حالت میں مل گیا، واقعے سے متعلق تفتیش شروع کر دی ہے۔طاہر محمود رحیم یار خان کا رہنے والا اور دو شادیاں کر رکھی ہیں، ایک شادی آبائی علاقے میں اور دوسری کراچی میں کی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ خبرآئی تھی کہ طاہر محمود نامی شہری نے سمندر میں چلانگ لگا دی ہے جس کے بعد سی ویو پر ڈوبنے کی اطلاع پر گزشتہ روز سے نوجوان کی تلاش جاری تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ کراچی میں سی ویو کے ساحل پر 27 سالہ نوجوان طاہر محمود نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی۔نوجوان نے اپنی بیوی کو ویڈیو کال کر کے خودکشی کرنے کی اطلاع دی تھی۔مبینہ طور پر خودکشی کرنے والے شخص کے والد محمود نے بتایا کہ طاہر محمودنے دو شادیاں کی تھیں اور وہ دو بچیوں کا باپ ہے۔والد کایہ بھی کہنا تھا کہ ان کے بیٹے کی 2 میں سے ایک بیٹی کا انتقال ہوچکاتھا۔

رات گئے بہو نے روتے ہوئے فون کیا اورکہا کہ طاہر سی ویو پر ہے، ہمیں فوری وہاں جانا چاہئے۔والد کے مطابق راستے میں بہو نے بتایا تھاکہ طاہر نے سمندر میں جاتے ہوئے ویڈیو کال کی اور بتایا کہ میں خودکشی کررہا ہوں، تم سب خوش رہو، طاہرجب سے لاپتا ہے، ہمیں معلوم نہیں کہ کیا ہوا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ رات ریسکیو ٹیم نوجوان کو تلاش کرتی رہی تھی تاہم اندھیرے کی وجہ سے رات کو ریسیکو آپریشن بند کر دیا گیا تھا اس موقع پر پولیس بھی موقع پر موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں