محمد علی ملکانی کا جاری اسکیموں کا دورہ،کام کی سست روی و غیر معیاری مٹیریل پر اظہار برہمی،سیکریٹری کو انکوائری کروانے کا حکم

اتوار 19 مئی 2024 22:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2024ء) سندھ کے وزیر جامعات و بورڈز محمد علی ملکانی نے اپنے محکمے کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینا شروع کردیا اور اس سلسلے میں انہوں نے میمن گوٹھ میں شہید ذوالفقار علی بھٹو انجینئرنگ کالج اور کورنگی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لا کا دورہ کیا۔اس موقع پر سیکرٹری یونیورسٹیزاینڈ بورڈز عباس بلوچ،ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی ذوالفقار کاندھڑواور پروجیکٹ ڈائریکٹرز سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھی.وزیر جامعات محمد علی ملکانی کو بتایا گیا میمن گوٹھ میں شہید ذوالفقار علی بھٹو انجینئرنگ کالج کی اسکیم 2013 میں منظور کی گئی اور ابھی تک اس منصوبے پر صرف 30 فیصد کام مکمل ہوا ہی. محمد علی ملکانی نے ایجوکیشن ورکس کی طرف سے انجینئرنگ کالج کے منصوبے پر سست روی سے کام کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ افسران کو ترقیاتی کام تیز کرکے فوری طور پر منصوبے کو مکمل کرنے کے احکامات دیئے۔

(جاری ہے)

کورنگی میں شہید ذوالفقار بھٹو لا یونیورسٹی کے دورے پر صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ اس منصوبے کی منظوری 2013 میں دی گئی اور اس پر 80 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔وزیر جامعات نے لا یونیورسٹی میں موجود پرانے اور غیر معیاری فرنیچر کا سختی سے نوٹس لیا اور نئے فرنیچر کی فراہمی کے احکامات جاری کیے۔وزیر جامعات نے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے غیر معیاری مٹیریل اور فرنیچر فراہم کرنے کا سخت نوٹس لیا اور سیکرٹری جامعات کو فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دیکر انکوائری کروانے کی ہدایات دیں. محمد علی ملکانی نے کہا کہ سندھ میں اعلی تعلیمی اداروں میں تمام تر جدید سہولیات فراہم کی جائیں اور کسی بھی قسم کے غیرمعیاری مٹیریل سے حتی الامکان گریز کیا جائے بصورت دیگر ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں