مہاجر اتحاد تحریک کے سربراہ نے آزاد حیثیت میں اپنے ساتھ انتخابات میں حصہ لینے والے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کا اعلان کردیا

ہفتہ 21 جولائی 2018 22:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) مہاجر اتحاد تحریک کے سربراہ اورقومی اسمبلی این اے 239کے امیدوار ڈاکٹرسلیم حیدرنے آزاد حیثیت میں اپنے ساتھ انتخابات میں حصہ لینے والے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کا اعلان کردیا ۔جس کے مطابق این اے 249سے انجینئر عبدالقیوم خان کنڈی ،پی ایس 118سے رشیدہ ارشد ،پی ایس 117سے طارق نور ،پی ایس 106سے لیاقت منور،پی ایس123سے فرید الدین چشتی امیدوار ہوں گے ۔

اس بات کا اعلان انہوں نے ہفتے کے روز کراچی پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تمام امیدواران ان کے ہمراہ موجود تھے ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت کراچی میں الیکشن اور آپریشن ساتھ ساتھ ہورہے ہیں جس کے سبب عوام میں بددلی ،مایوسی اور لاتعلقی کی کیفیت طاری ہے مگر ان حالات کے باوجود ہم الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں جوکہ اس بات کی غمازی ہے کہ مجھ سمیت میرے امیدواروں کے اندر عوامی خدمت کا جزبہ موجود ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اس وقت انتخابات کسمپرسی کا شکار ہیں اور من پسند امیدواروں کے علاوہ کسی کوانتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں دی جارہی جو کہ لمحہ فکریہ ہے اور اس کے آنے والے نتائج مستقبل میں بھیانک اثرات مرتب کریں گے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں