ایجوکیشن سٹی کراچی میں ملکی اور بین الاقوامی جامعات کے کیمپس قائم کئے جائیں گے، چیف سیکریٹری سندھ

جمعرات 20 جون 2019 21:58

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2019ء) چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہا کہ ایجوکیشن سٹی کراچی میں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اچھی رینکنگ رکھنے والی جامعات کے کیمپس قائم کئے جائیں گے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے جمعرات کو کراچی میں بننے والے ملک کے پہلے ایجوکیشن سٹی منصوبے کے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں سیکریٹری انویسٹمنٹ احسن علی منگی نے ایجوکیشن سٹی کے متعلق آگاہی دیتے ہوئے بتایا کے نادرن بائی پاس پر 9000 ایکڑ پر 80 ارب روپے کی لاگت سے ایجوکیشن سٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک مختلف جامعات نے اپنے کیمپس قائم کرنے کے لئے درخواستیں جمع کروائی ہیں جن میں این ای ڈی، آغا خان یونیورسٹی، آئے بی اے کراچی، ایس آئی یو ٹی، زبیسٹ اور دیگر ادارے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ نے 2019-20 کے بجٹ میں ایجوکیشن سٹی کے لئے فنڈز رکھے ہیں جس سے ڈویلپمنٹ کا کام جلد شروع کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک بہت بڑا منصوبہ ہے جس میں مختلف جامعات کے کیمپس کے ساتھ ساتھ میٹرو بس سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے سیکریٹری انویسٹمنٹ اور سیکریٹری یونیورسٹی اینڈ بورڈ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی جامعات کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح کے جامعات کو بھی اس منصوبے کے متعلق تمام آگاہی فراہم کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایجوکیشن سٹی بہت بڑا منصوبہ ہے عالمی شہرت یافتہ جامعات کا ملک میں کیمپس بنانا اعزاز کی بات ہوگی اور سندھ حکومت نے تیزی سے بڑھتی ہوئی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اس ایجوکیشن سٹی کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن آف سندھ ایجوکیشن سٹی کراچی میں بننے والی جامعات کو ریگیولیٹ کرے گا اس کے لئے ہائر ایجوکیشن کمیشن تمام تر تیاریاں مکمل کر لے۔ اجلاس میں سیکریٹری قانون، سیکریٹری یونیورسٹی اینڈ بورڈ، سیکریٹری انویسٹمنٹ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں