کراچی کلین ہوا نہ ہی گرین ہوا ،وبائی امراض سے ہسپتال اور قبرستان فل ہائوس ہورہے ہیں ، پاسبان

جمعہ 23 اگست 2019 18:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2019ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کے بعد وفاقی وزیر نے بھی کراچی میں صحت و صفائی کے فقدان کے خاتمے کے دعوئے کیے مگر کراچی نہ کلین ہوا نہ ہی گرین ہوا بلکہ کراچی کے ہسپتال اور قبرستان ہائوس فل ہو رہے ہیں۔ کراچی وفاقی اور صوبائی حکمرانوں اور انتظامی اداروں کے لئے قارون کا خزانہ ثابت ہوا ہے ۔

کراچی میں صحت صفائی کے نام پر سب مل کراسے مسلسل لوٹ رہے ہیں ۔ پاسبان چیف جسٹس سپریم کورٹ سے استدعا کرتی ہے کہ وہ کراچی کی صورتحال کا سختی سے نوٹس لیں ۔ وبائی امراض سے شہریوں کی اموات پر سندھ حکومت ،کے ایم سی ،ڈی ایم سی ،واٹر بورڈ ،سیوریج بورڈ ،کمشنر کراچی ،ڈی سیز ،محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران اور علاقائی افسران کے خلاف مقدمات قائم کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

وہ گذشتہ روز ضلع کورنگی ،لانڈھی ،بھینس کالونی ،ابراہیم حیدری اور ضلع ملیر کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر پاسبان ورکرز ،ذمہ داران اور علاقہ مکینوں سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔ اس موقع پر پاسبان کراچی کے نائب صدر محمد حامد صدیقی ،ضلع کورنگی کے نائب صدور نعیم ربانی ،طاہر اکرام ،منور شیخ ،حکیم شہاب الدین ،محمد زبیر ،سردار جاوید ،جنرل سیکریٹری عمیر صدیقی ،ضلع ملیر کے محمد یونس ،ماموں منظور عالم و دیگر بھی موجود تھے ۔

سردار ذوالفقار نے کہا کہ کراچی کی گلیوں ،سڑکوں کے ساتھ کھیل کے میدانوں میں بھی گندہ پانی جمع ہے اور کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ۔ معصوم بچے اس گندگی میں کھیل کھود پر مجبور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں میں اس طرح کی صورتحال پر وبائی امراض کے تحفظ کے لئے اسپرے مہم شروع کی جاتی تھی اور بچائو کے ٹیکے لگائے جاتے تھے لیکن موجودہ حکومت ایسے اقدامات صرف اس لئے نہیںکررہی کہ انہیں صاف ستھرا کراچی نہیں بلکہ بینک اکائونٹس میں پیسے چاہئیں ۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو بھی شہریوں کے صحت کی فکر نہیں ۔پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی نے عوامی رابطہ مہم شروع کررکھی ہے ۔شہریوں کی وبائی امراض سے مزید اموات ناقابل برداشت ہو گا،حکومت ہوش کے ناخن لے ، لوٹ کھسوٹ اورایک دوسرے پر الزام تراشیاں بند کی جائیں اور کراچی کو کو صاف کرنے کے لئے پہلے اداروں میں موجو دنااہل افسران کا گند صاف کیا جائے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں