یتیموں کی مدد کیلئے حضورؐ کی بشارت مشعل راہ ہے، غلام عباس ڈیتھو

حیاتُ الاسلام کی کارکردگی ملک کے دیگر سماجی اداروں کیلئے قابلِ تقلید ہے، رعنا صدیقی حیاتُ الاسلام کی سوئیٹ ہوم کی افتتاحی تقریب سے ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر اور دیگر کا خطاب

اتوار 29 نومبر 2020 17:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2020ء) ڈائریکٹر جنرل سندھ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ غلام عباس ڈیتھو نے کہا ہے کہ یتیموں کی مدد کیلئے حضورؐ کی بشارت مشعل راہ ہے۔ انہوں نے یہ بات عالمی یوم اطفال کے موقع پر انجمن حیاتُ الاسلام کے زیرانتظام قائم ہونے والے حیاتُ الاسلام سویٹ ہوم کی افتتاحی تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب سے خطاب کرنے والوں میں ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ایسٹ رعنا صدیقی اور انجمن حیاتُ الاسلام کے ایڈمنسٹریٹر نواب دین شامل تھے۔ غلام عباس ڈیتھو نے کہا کہ مظلوموں کی مدد کیلئے اُٹھنے والاہر قدم عبادت کا درجہ رکھتا ہے، ہمارا دین محتاجوں، معذوروں اور مظلموں کی مدد کی تعلیم دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے نفسا نفسی کے دور میں کوئی اپنا بخار بھی کسی کو نہیں دیتا جبکہ ایک ڈونر نے دو کروڑ کا فلیٹ ایڈمنسٹریٹر کے حوالے کیا ہے جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ڈونر کا انجمن پر اعتماد ہے کہ یہ اچھا کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ انجمن حیات اُلاسلام کے موجودہ ایڈمنسٹریٹرنواب دین کی دو سالہ کارکردگی بھی قابلِ تحسین ہے جو گذشتہ دو سال سے رضاکارانہ طور پر اپنے فرائض لگن کے ساتھ مگن ہوکر سرانجام دے رہے ہیں اور انجمن کے تمام انسٹی ٹیوشن کی نہ صرف اچھی طرح دیکھ بھال کر رہے ہیں بلکہ انجمن کے اکائونٹس کی باقاعدگی کے ساتھ آڈٹ کروارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس حقیقت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا کہ دو سال میں جتنے کام ہوئے ہیں وہ گذشتہ 20سالوں میں بھی نہیں ہوپائے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ایسٹ رعنا صدیقی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انجمن حیات اُلاسلام کی کارکردگی دیگر سماجی اداروں کیلئے بھی قابلِ تقلید مثال ہے۔ انجمن حیات ُ الاسلام کے ایڈمنسٹریٹر نواب دین نے اپنی دو سالہ کارکردگی پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ انجمن حیاتُ الاسلام سے وابستہ بچوں کی خدمت عبادت سمجھ کر کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ وہ ادارہ ہے جو 85سال قبل قائم ہوا اور تاحال انسانیت کی فلاح و بہبود کی ضمن میں ہمہ تن مصروف ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں