سندھ میں مزارات اور سینماء گھر چند روز میں کھلنے کا امکان

جمعرات 21 جنوری 2021 17:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2021ء) حکومت سندھ نے کرونا وائرس وباء کے سبب لاک ڈاؤن میں مزید نرمی اور مزارات اور سینماء گھروں کو بھی کھولنے پر غور و خوض شروع کر دیا۔ با خبر ذرائع کے مطابق 3فروری سے 7فروری کے درمیان کسی بھی وقت سندھ بھر میں عوام کے لیے مزارات اور سینماء گھرکھول دیئے جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق حکومت سندھ نے سندھ میں تعلیمی اداروں کو کھولنے کے بعد لاک ڈاؤن میں مزید نرمی پر بھی صلاح مشورے کیے ہیں۔

واضح رہے کہ لاک ڈاؤن میں رات 8بجے تک نرمی ہے اس دوران ہر قسم کا کاروبار زندگی جاری ہے۔ جبکہ ٹرانسپورٹ اور بعض دیگر کاروبار رات گئے تک جاری رہتے ہیں دوسری جانب حکومت سندھ نے تاجر برادری کے مطابلے کو فوری تسلیم کرتے ہوئے لاک ڈاؤن شام 6بجے کے بجائے رات 8بجے تک کی نرمی کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم تعلیمی ادارے، سینماء گھر اور مزارات بند تھے ۔

اب تعلیمی ادارے میں مجموعی طور پر مکمل کھل چکے ہیں صرف سینماء گھر اور مزارات بند ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت سندھ نے مزارات اور سینماء گھروں کو بھی کھولنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے اور فروری کے پہلے ہفتے میں مزارات اور سینماء گھر کھولے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ مذہبی تنظیمیں مزارات کھولنے اور سینماء ملازمین سینماء گھروں میں رات 8بجے تک دو شو چلانے کی اجازت دینے کے لیے کئی بار مظاہرہ کر چکے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں