بلڈرز مافیا اور کرپٹ افسران خرابیوں کی جڑ ہیں،سرکوبی کی جائے،پاسبان

غیر قانونی تعمیرات اور قبضوں کو روکنے کے لئے سخت اصول وضع کئے جائیں، کراچی کو تجاوزات کے بوجھ سے آزاد کیا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے،مظاہرین

اتوار 28 نومبر 2021 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2021ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے زیر اہتمام" آباد" میں موجود بلڈر مافیا کے خلاف کورنگی، نارتھ ناظم آباد، گذری،مہران ٹائون سمیت شہر بھر میں احتجاجی مظاہروں کا انعقاد ہوا جس میں پاسبان رہنمائوں عبدالحاکم قائد، طارق چاندی والا،کلیم اللہ ملک، خالد صدیقی ایڈووکیٹ، میاں ریاض ، ورکرز اور عوام نے شرکت کی۔

مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاسبان رہنمائوں نے کہا کہ بلڈرز مافیا اور اداروں میں چھپے ہوئے کرپٹ افسران تمام خرابیوں کی جڑ ہیں، ان پر کڑی نظر رکھتے ہوئے ان کی سرکوبی کی جائے اور ایسی منصوبہ بندی کی جائے کہ مستقبل میں تجاوزات قائم نہ ہوسکیں۔ ایسے سخت اصول وضع کئے جائیں کہ لوگ غیر قانونی تعمیرات یا قبضوں کا سوچتے ہوئے بھی گھبرائیں۔

(جاری ہے)

عوام کے ٹیکسوں سے تنخواہ لینے والے حکومتی ملازمین اور افسران عوام کی فلاح کا کام چھوڑ کر ملک کی دولت پر ڈاکے ڈالنے والوں کے ساتھی بن جاتے ہیں۔ جس کے صلے میں انہیں بھی عوام سے رشوت کا کاروبار جمانے کا لائسنس دے دیا جاتا ہے۔ ملکی خزانے میں ہونے والی کمی کو پورا کرنے کے لیے لوگوں پر ٹیکسوں اور مہنگائی کے بوجھ میں اضافہ کردیا جاتا ہے۔

کراچی شہر کو تجاوزات کا جنگل بنانے والی مافیا میں کرپٹ سیاست دانوں، بیوروکریٹس اور طاقتور اشرافیہ کی مدد کے لییایس بی سی اے، کے ڈی اے، آباد،کے ایم سی اوردیگر حکومتی محکموں کے ساتھ صوبائی اور سٹی حکومت سب بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ کراچی کو تجاوزات کے بوجھ سے آزاد کیا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تجاوزات متاثرین کی معاونت کی جائے، متبادل فراہم کئے جائیں۔ شہر کو منصوبہ بندی اور چارٹرڈ سٹی کا درجہ دیا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں