گورنر سندھ کی سر سید یونیورسٹی کی27 ویں جلسہ تقسیم اسناد میں شرکت

ہمارے وزیر اعظم اور آرمی چیف ملک کے معاشی حالات میں بہتری کے لیے کوشاں ہیں،کامران ٹیسوری

جمعہ 26 اپریل 2024 20:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سر سید یونیورسٹی کی27 ویں جلسہ تقسیم اسناد میں شرکت کی۔ چانسلر سر سید یونیورسٹی جاوید احمد ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے گورنر سندھ کا استقبال کیا۔ گورنر سندھ نے گریجویٹس کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور طالب علموں کے والدین سے اگلی نشستوں پر بیٹھنے کی گذارش کی، کیونکہ آج سب سے زیادہ آپ لوگ ہی عزت و تکریم کے حقدار ہیں جنہوں نے اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا، اور آج کے مہمان خصوصی آپ والدین ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ میں اپنے ملک کے مستقبل سے مخاطب ہوں، اور آپ نے مایوس نہیں ہونا ہے، ہمت اور کوشش کی بدولت کامیابی ضرور حاصل ہوگی ، تنقید پر لگے رہے تو آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔

(جاری ہے)

کامران خان ٹیسور ی نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم اور آرمی چیف ملک کے معاشی حالات میں بہتری کے لیے کوشاں ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اگر کوئی کام کرنا چاہے تو وہ کرسکتا ہے، جس کی مثال گورنر ہاؤس میں آئی ٹی یونیورسٹی کا قیام ہے، ایک سال بعد وہاں کا ہر ایک بچہ ملکی زرمبادلہ لانے کا ذریعہ بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح نوجوانوں کے لیے روزگا ر اسکیم لارہے ہیں، اور اس اسکیم کا اعلان کل پریس کانفرنس میں کروں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی ٹی کلاسز سندھ کے چھ اضلاع میں شروع کریں گے، اور بہت جلد سندھ آئی ٹی صوبہ کہلائے گا، گورنر سندھ نے کہا کہ آپ وہ لوگ ہیں جو کہانی کا عنوان تبدیل کر سکتے ہیں، اگر ترقی کرنی ہے تو ہمیں اچھا اور مخلص پاکستانی بننا ہوگا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں