صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر کا اینٹی نارکوٹکس فورس ہیڈکوارٹر کا دورہ ، بریگیڈیئر عمر فاروق سے ملاقات

طارق تالپور نے نے منشیات جیسی لعنت میں مبتلا افراد کے علاج معالجے اور انھیں صحت مند زندگی کی جانب واپس لانے میں اے این ایف کی کاوشوں کی تعریف کی

منگل 30 اپریل 2024 22:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر میر طارق علی تالپور نے ملیرمیں واقع اینٹی نارکوٹکس فورس ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور ریجنل ڈائریکٹر اے این ایف بریگیڈیئر عمر فاروق سے ملاقات کی۔بعدازاں وہ منشیات کے عادی افراد کی بحالی جیسے اقدامات میں سرگرم عمل بینظیر شہید اے این ایف ماڈل اسپتال گئے اور منشیات کے عادی افراد کی بحالی اور انھیں معاشرے کا کارآمد شہری بنانی کے حوالے سے فراہم کردہ تمام تر سہولیات و انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ پرویز حسین نے منشیات کے عادی افراد کی بحالی میں ملیر میں قائم اس ڈرگ سینٹر کے جملہ امور واقدامات کا تفصیلی احاطہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیرکو اے این ایف کی جانب سے علاج معالجہ کی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سندھ نے منشیات جیسی لعنت میں مبتلا افراد کے علاج معالجے اور انھیں صحت مند زندگی کی جانب واپس لانے میں اینٹی نارکوٹکس فورس کی سنجیدہ کاوشوں اور خدمت انسانیت کے لیئے انکے وضع کردہ اصولوں و اقدامات کی تعریف کی اور سراہا انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہیکہ اسپتال کے دائرے کو باالخصوص سندھ کے وسطی ریجن تک وسعت دی جائے۔

انکے دورے کے موقع پر بحالی مرکز میں منشیات کے عادی 93 افراد زیر علاج تھے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں