جاز کیش کا کراس بارڈر پیمنٹس ادائیگیوں کیلئے ڈیو پے (du Pay) کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کا اعلان

پیر 13 مئی 2024 18:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2024ء) پاکستان کے بڑے فن ٹیک ادارے جاز کیش نے کراس بارڈر ادائیگیوں کیلئے ایمریٹس انٹیگریٹڈ ٹیلی کمیونیکیشنز کمپنی (ای آئی ٹی سی) کے فن ٹیک پلیٹ فارم ڈیو پے (du Pay) کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔جاز کیش اور ڈیو پے (du Pay) کے درمیان اپنی نوعیت کے پہلے اشتراک کا مقصد متحدہ عرب امارات سے پاکستان میں کراس بارڈر ادائیگیوں کے عمل کو آسان بناناہے۔

متحدہ عرب امارات پاکستانی تارکین وطنوں کی بڑی تعداد کی میزبانی کرتا ہے۔سعودی عرب کے بعد پاکستان میں سب سے زیادہ ترسیلات زر متحدہ عرب امارات سے ہی بھیجی جاتی ہیں جبکہ صرف مارچ2024میں متحدہ عرب امارات سے 548ملین ڈالر کی ترسیلات زر پاکستانی بھیجوائی گئیں۔

(جاری ہے)

جاز کیش کے سی ای او عامر ابراہیم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا'' ہم مالی شمولیت کے فروغ کیلئے ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے پرعزم ہیں۔

ڈیو پے (du Pay) کے ساتھ ہماری شراکت داری سے بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے ادائیگیوں کا عمل آسان ہوگا جو معاشی ترقی کیلئے ہمارے کردار کا عکاس ہے۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے پاکستان بھیجی جانے والی رقوم نہ صرف خاندانوں کے گزربسر بلکہ ہماری معیشت کی ترقی کیلئے بھی بہت اہم ہیں۔ دونوں اداروں کے درمیان اشتراک پاکستان کے معاشی استحکام پر دائمی مثبت اثرات کو یقینی بنائے گا۔

اس اشتراک سے نہ صرف جاز کیش اور ڈیو پے (du Pay) کے درمیان طویل مدتی تعاون کا آغاز ہوگا بلکہ ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے منظر نامے میں زیادہ سے زیادہ رسائی اور جدت کے فروغ کے لیے مستقبل کے اشتراک کی راہ بھی متعین ہوگی۔سی ای او ڈیو (du) فہد الحساوی نے کہا'' معروف اوربڑے ڈیجیٹل ٹیلکو کے طورپر ہم صارفین کو غیر معمولی خدمات اور حل فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ڈیو پے (du Pay) اور جاز کیش کے درمیان شراکت داری عظیم فوائد کے ساتھ صارف کے تجربات کو بہتر بنائی گی۔ڈیو پے (du Pay) ایک آسان اور محفوظ ڈیجیٹل سروس پیش کرے گا جس سے مالی شمولیت میں پیش رفت ہوگی اور پاکستانیوں کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں