نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی کام زور و شور سے جاری

یوسی چیئرمینز و وائس چیئرمینز پوری ذمہ داری کے ساتھ عوام کی خدمت کے لئے کام کریں،محمد یوسف

پیر 13 مئی 2024 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2024ء) نیو کراچی ٹاؤن میں عوام کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں،منتخب بلدیاتی نمائندے عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں ،کم وسائل و اختیار ات کے باوجود عوام کے درمیان رہ کر عوامی مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں۔ نیو کراچی ٹاؤن یونین کمیٹی نمبر07کے مکینوں کے درینہ مسائل یوسی چیئرمین و وائس چیئرمین کی باہمی مشاورت سے حل کرنے کے لئے دستیاب وسائل سے استفادہ کیا جارہاہیں۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمدیوسف نے یونین کمیٹی نمبر 07 میں منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر یونین کمیٹی نمبر07 کے چیئرمین عبدالغفار چشتی، وائس چیئرمین عدنان رضی،یونین کمیٹی کے اراکین،وارڈ کونسلربھی شریک تھے ۔

(جاری ہے)

میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین محمد یوسف نے کہاکہ چیئرمین یوسی 07و وائس چیئرمین و دیگر اراکین یوسی اپنا نظام الاوقات ترتیب دیں ہر ایک ممبرکو الگ الگ ذمہ داری سونپیں ،کونسلرممبران اپنی ذمہ داری کے مطابق کام کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ عوامی خدمت کے حوالے سے کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ اہلیان یونین کمیٹی نمبر07 کے معززین کی مشاورت سے علاقے میں موجود مسائل کی نشاندہی کی جائے۔ منتخب بلدیاتی نمائندے یونین کمیٹی کی سطح پرمسائل اور ان کے حل کے لئے تجاویز مرتب کریںتاکہ عوامی مسائل کو جلد حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔اس موقع پر یونین کمیٹی نمبر 07 کے چیئرمین عبدالغفارچشتی نے یوسی میں گزشتہ ایک سال میں کیے جانے والے بلدیاتی کاموں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یوسی 07میں سب سے بڑا مسئلہ سیوریج سسٹم کی خرابی ہے ہم نے خستہ اور بوسیدہ سیوریج لائن کو اپنی مدد آپ کے تحت تقریبا 900 رننگ فٹ سیویج لائن ڈالی جس کی وجہ سے کچھ بہتری آئی ہے ۔

ان خستہ اور بوسید ہ سیوریج لائنوںکی وجہ سے علاقوں میں گندہ پانی جمع ہوجاتا تھا اس کے علاوہ اسکولوںمیں تعلیمی ماحول کو بہتربنانے کے لئے صفائی ستھرائی اور جھاڑیوں کی کٹنگ کروائی گئی جبکہ کھلے ہوئے مین ہول کے رنگ تبدیل کرکے گٹر کے ڈھکن رکھے گئے جس کی وجہ سے کوئی بھی ناخوشگوارر حادثہ رونما ہوسکتا تھا۔یوسی چیئرمین نے بتایا کہ نیو کراچی ٹاون کے محکمے بی اینڈ آر ڈپارٹمنٹ کے تعاون سے یو سی07کی خستہ حال سڑکوں کی استر کاری کر کے بحال کیا گیاجبکہ ناکارہ اسٹریٹ لائٹس کو تبدیل کرکے راستوں کو روشن کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ یوسی07 میں لاتعداد مسائل موجود ہیںاور ان کے حل کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔

ہم چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف اور ان کی پوری ٹیم کے بے حد شکر گزار ہیں کہ وہ عوام کا درد سمجھتے ہیں اور اُن کے مسائل کے حل کے لئے خصوصی تعاون کررہے ہیں ۔اس موقع پر چیئرمین نیو کراچی ٹاون محمد یوسف نے مسائل کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پینے کے پانی کی فراہمی اور سیوریج لائنوں کی مرمت و تبدیلی کے حوالے سے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو آگاہ کردیا گیا ہے اور ان مسائل کو جلد حل کرنے کی کوشش کریں گے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں