مریضوں کے حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے، ڈاکٹرخالد شیخ

سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے اتائیوں اور صحت کے مراکز پر 90لاکھ جرمانہ عائد کردیا

منگل 14 مئی 2024 18:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2024ء) سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے بورڈ آف کمشنرز (بی او سی)کا 69واں اجلاس چیئرمین (بی او سی)ڈاکٹر خالد شیخ کی صدارت میں کراچی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بورڈ کے دیگر اراکین بشمول ڈاکٹر غلام رسول شاہ، ڈاکٹر عبدالغفور شورو، ڈاکٹر مرزا علی اظہر، پروفیسر سمیر قریشی، پروفیسر شعیب گنگٹ، ڈاکٹر سجاد صدیقی اور سی ای او ایس ایچ سی سی ڈاکٹر احسن قوی صدیقی نے شرکت کی۔

ایس ایچ سی سی شکایات کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر سمیر قریشی نے 14 شکایتی کیسوں کی تحقیقاتی رپورٹ حتمی منظوری کے لیے بورڈ کو پیش کی۔ بورڈ نے طبی غفلت کا الزام لگانے والے مریضوں کی طرف سے درج کی گئی شکایت کا جائزہ لیا۔ غور و خوض کے بعد بورڈ نے مخلتف اسپتالوں و کلینکس پر پچاس لاکھ (5ملین ) جرمانے عائد کئے ۔

(جاری ہے)

مزید برآں کنوینئر انسداد اتائیت کمیٹی ڈاکٹر عبدالغفور شورو نے ڈی سیلنگ کے لیے 79 درخواستیں پیش کیں جو پراپرٹی مالکان اور ہیلتھ کیئر پرووائیڈرز نے ایس ایچ سی سی ایکٹ کے تحت اپنے اداروں کو دوبارہ کھولنے کے لیے جمع کرائی تھیں۔

بورڈ نے ہر کیس کی جانچ کی اور 79سینٹرز پر چالیس لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔ کارروائی کے دوران بورڈ آف کمشنرز کے چیئرمین ڈاکٹر خالد شیخ نے مریضوں کی بہتر نگہداشت اور مریضوں حقوق کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے شکایت کے معاملے میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری اور فیصلہ سازی کے ذریعے مثبت ساکھ قائم کرنے پر کمشن کی ٹیم کی تعریف کی۔

ڈاکٹر شیخ نے اس حقیقت پر فخر کا اظہار کیا کہ عدالتیں کسی بھی فیصلے تک پہنچنے سے پہلے تکنیکی جانچ کے لیے معاملات کو ایس ایچ سی سی کو بھیج رہی ہیں۔ انہوں کہا کہ ایک مساوی تفتیشی عمل کے ذریعے مریضوں اور صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے والوں دونوں کا اعتماد حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ مزید برآں ڈاکٹر شیخ نے سی ای او اور ان کی ٹیم پر زور دیا کہ وہ اتائیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کریں اور اپنے مقاصد کے حصول کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں