اتحاد المدارس الاسلامیہ کی جانب سے مختلف مدارس کو مفت عصری کتب فراہمی کا آغاز

ضرورت کے تحت صوبے بھر میں کتب کی ترسیل کا سلسلہ جاری رہے گا، ناظم اعلیٰ اتحاد المدارس الاسلامیہ

منگل 14 مئی 2024 18:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2024ء) اتحاد المدارس الاسلامیہ پاکستان کی جانب سے مدارس کے طلباء و طالبات کی عصری تعلیم کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلی جماعت تا آٹھویں جماعت تک مفت کتب کی فراہمی کا آغاز کردیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں کراچی و حیدر آباد کے الحاق شدہ مدارس کے طلباء و طالبات کے لیے کتب کی تقسیم مکمل ہو چکی ہے۔

کتب فراہمی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ اتحاد المدارس الاسلامیہ پاکستان مولانا یحییٰ مجید کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت سندھ بھر کے مختلف مدارس میں آٹھویں جماعت تک نیشنل بک فاؤنڈیشن کی شائع شدہ نصابی کتب فراہم کی گئی ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں یہ کتب گلشن، کیماڑی، نارتھ ناظم آباد، قائد آباد، ملیر، شیر پاؤ، شاہ لطیف ٹاؤن، لانڈھی، گلشن حدید، گھارو، دھابیجی و دیگر کے مدارس کو دی گئیں ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ جامع الاسلامیہ حیدرآباد، الاقصی ایجوکیشن سسٹم حیدرآباد، مدرسہ عمر بن خطاب نیو سعید آباد میں بھی مفت کتب تقسیم کی گئیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دوسرے مرحلے میں صوبے کے دیگر شہروں میں بھی مدارس کو کتب دی جائیں گیں اور ضرورت کے تحت کتب کی ترسیل کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ناظم اعلیٰ اتحاد المدارس الاسلامیہ نے عزم کا اظہار کیا کہ ہمارا بورڈ طلبا و طالبات کی دینی و دنیاوی تعلیم کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور آئندہ دنوں میں اساتذہ و طلباء و طالبات کے لیے مختلف کورسز کا بھی آغاز کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں