سندھ ہائی کورٹ،پولیس کی جانب سے اسکریپ اورکباڑیوں کی دوکانوں کی بندش سے متعلق درخواست پرفریقین کو نوٹس جاری ،27مئی تک جواب طلب

بدھ 15 مئی 2024 16:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) سندھ ہائی کورٹ نے پولیس کی جانب سے اسکریپ اور کباڑیوں کی دوکانوں کی بندش سے متعلق درخواست پرفریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 27مئی تک جواب طلب کرلیاہے۔بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں کباڑیوں کی دوکانوں کی بندش پر پولیس کے رویئے کے خلاف کباڑی بازار کے دوکانداروں نے عدالت سے رجوع کرلیا۔کباڑی محمد وقاص،مجید محمد،موسی خان اور محمد ذیشان نے درخواستیں دائر کردیں۔

حبیب احمد ایڈووکیٹ درخواست گزار وکیل نے موقف اختیار کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس گاڑیوں کی چوری کے سامان کی آڑ میں ہراساں کررہی ہے۔دکانوں کی ٹائمنگ طے کرنا پولیس کا کام نہیں ہے اس کے لئے دیگر محکمے موجود ہیں۔درخواست گزار وکیل نے بتایا کہ پولیس نے اسٹریو ٹائپ نوٹس چھپوا کر دوکانداروں میں تقسیم کر دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ پولیس کو کباڑی بازار کے بجائے شہر بھر میں فرائض انجام دینا چاہئیں تا کہ گاڑیاں چوری نہ ہوں۔

پولیس کی جانب سے جاری کردہ نوٹسز کو غیر قانونی قرار دیا جائے تاکہ شہری باعزت طریقے سے روزگار حاصل کرسکیں۔درخواستوں میں چیف سیکرٹری سندھ،آئی جی سندھ،ڈی آئی جی ویسٹ،ایس ایس پی اور ایس ایچ او پاک کالونی کو فریق بنایا گیا ہے۔عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 27 مئی کو جواب طلب کرلیا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں