قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچائے جائیں، مفتی بلال قادری

جمعرات 16 مئی 2024 17:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2024ء) تحریک پیغام اسلام پاکستان کے سربراہ مفتی محمدبلال قادری نے کہاہے کہ آٹے روٹی کے ریٹ کم ہونے کے باوجود پرانی قیمتوں پر فروخت اس بات کا ثبوت ہے کہ مافیا حکومت سے طاقتور ہے،اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچائے جائیں تاکہ عوام کا سرکار پر اعتماد بحال ہو۔ انہوں نے کہاکہ بدترین مہنگائی اوربیروزگاری عوام سے جینے کا حق چھین رہی ہے ، ناجائز منافع خوروں نے ذخیرہ اندوزی کرکے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان پرپہنچادی ہیں،حقیقت یہ ہے کہ مہنگائی ایک طوفان بن چکی ہے جس نے غریبوں کی رہی سہی کسربھی پوری کردی ہے۔

انہوں نے کہاکہ صورتحال یہ ہے کہ مہنگائی میں لمحہ بہ لمحہ اضافہ ہورہاہے، ہر روز ریٹ میں اضافہ قوت خرید ختم کررہاہے جبکہ سندھ سرکار کی جانب سے ابھی تک کسی قسم کے اقدامات سامنے نہیں آئے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت کو چاہئے کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف گھیراتنگ کرتے ہوئے کریک ڈائون کرے اور ناجائز منافع خوری کا سدباب کرے تاکہ عام اشیائے ضروریہ لوگوں کی پہنچ میں آسکیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ حکومت نے ریٹ کم کرنے کا محض اعلان کرکے یہ سمجھ لیاہے کہ ذمہ داری پوری ہوگئی لیکن بازاروں اور مارکیٹوں میں من مانے نرخوں پر اشیاء کی فروخت کو کیاسمجھاجائے۔ دکاندار گاہکوں کو کہتے ہیں جہاں سے حکومتی ریٹ پر سامان مل رہاہے وہیں سے لے لو ۔ انہوں نے سوال کیاکہ غریب عوام کس سے فریاد کرے۔ حکومت نے چیک اینڈ بیلنس کاکوئی نظام ہی نہیں بنایا اور نہ ہی پرائس کنٹرول کے ادارے کو فعال کیاجارہاہے۔ حکومت کو چاہئے کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کے ساتھ چیک اینڈ بیلنس کا نظام بھی بنائے تاکہ من مانی کرنے والے اپنی حد میں رہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں