حیدرآباد ایئرپورٹ کی فوری بحالی کیلیے ایم کیو ایم نے قومی اسمبلی میں آواز اٹھا دی

اراکین قومی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن، وسیم حسین اور عامر معین نے قومی اسمبلی میں توجہ دلاو نوٹس جمع کرادیا

جمعہ 17 مئی 2024 17:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) ایم کیو ایم پاکستان نے حیدرآباد ایئرپورٹ کی فوری بحالی کے لیے قومی اسمبلی میں آواز اٹھاتے ہوئے توجہ دلاو نوٹس جمع کرا دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین قومی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن، وسیم حسین اور عامر معین نے قومی اسمبلی میں توجہ دلاو نوٹس جمع کرایا ہے جس میں سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں ایئرپورٹ کی فوری بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ متعلقہ وزیر اس معاملے پر ایوان میں پالیسی وضع کریں۔

(جاری ہے)

توجہ دلاؤ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ حیدرآباد ایئرپورٹ کو 1998 میں تجارتی ٹریفک کے لیے بند کیا گیا تھا۔ جس کے بعد سندھ کے اس دوسرے بڑے شہر کے باسیون کو اندرون ملک سفر کے لیے بذریعہ روڈ دیگر شہروں کا سفر کرنا پڑتا ہے جس سے ان کے اخراجات میں اضافہ اور وقت کا ضیاع ہوتا ہے۔ایم کیو ایم رہنمائوں نے کہا کہ ایئرپورٹ کی بندش سے حیدرآباد اور گرد ونواح کے لوگ شدید محرومی کا شکار ہیں کیونکہ بہترین سفری سہولتیں ان کا بھی حق ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حیدرآباد ایئرپورٹ کو دوبارہ بحال کر کے اندرون ملک فضائی سفر کی عوامی سہولت بحال کی جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں