کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز منظم لینڈ فراڈ مافیا کا حصہ ہیں، غریب الاٹیز کو لوٹا جا رہا ہے،الطاف شکور

حکومتی کالی بھیڑیںفراڈ میں ملوث مافیا کی سرپرست ہیں، کوآپریٹو سوسائٹیز کے میگا اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے ،چیئرمین پاسبان

اتوار 19 مئی 2024 18:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2024ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکورنے کہا ہے کہ ہاؤسنگ کوآپریٹو سوسائٹیز میںگھپلوں کے زریعے غریب الاٹیز کو لوٹا جا رہا ہے، حکومت کی کالی بھیڑیں اربوں روپے کے فراڈ میں ملوث اس منظم مافیا کی سرپرستی کرتی ہیں، زیادہ تر کرپٹ لوگ حکمران سیاستدانوں کو بھاری رشوت دے کر خود کو کوآپریٹو سوسائٹیز کے رجسٹرار بنا لیتے ہیں، یہ لوگ ٹکسال سے پیسے بٹور کر الاٹیوں سے لوٹ مار کر کے اپنے اربوں روپے کے پلاٹوں پر ناجائز قبضہ کر کے فروخت کر رہے ہیں، کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز ایک بڑے منظم لینڈ فراڈ مافیا کا حصہ ہیں جو سندھ میں حکمران سیاستدانوں کی سرپرستی میں پروان چڑھ رہی ہے۔

سندھ حکومت کا بدنام زمانہ کرپشن سسٹم ان ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے ایڈمنسٹریٹر مقرر کرتا ہے جو ٹھگوں کا استعمال کرکے الاٹیوں کے پلاٹوں کو غیر قانونی طور پر فروخت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان ہاؤسنگ کوآپریٹو سوسائٹیز کے انتخابات زیادہ تر جعلی ہوتے ہیں اور وہی مافیا دھاندلی کے ذریعے ان سوسائٹیوں کو کنٹرول کرتے ہیں۔الطاف شکور نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کوآپریٹو سوسائٹیز کے میگا اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے تاکہ عام الاٹیوں کو انصاف اور تحفظ فراہم کیا جاسکے۔

عدالت کی جانب سے 70 سے زائد سوسائٹیز کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ معطل کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے الطاف شکور نے کہا کہ عدالت نے کوآپریٹو سوسائٹیز کے رجسٹرار کو فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے گریڈ 18 کے رجسٹرار ضمیر عباسی کی گریڈ 19میں تعیناتی کو کالعدم قرار دے دیا۔ انہوں نے سندھ ہائی کورٹ حالیہ فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے جس میں کوآپریٹو سوسائٹیز میں اربوں روپے کے پلاٹوں پر غیر قانونی قبضے کے منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے اور کوآپریٹو سوسائٹیز کے رجسٹرار کو معطل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ کیسز سندھ حکومت کے لیے آنکھ کھولنے والے ہیں،حکومت اس میگا اسکینڈل کے بارے میں پوری طرح جانتی ہے لیکن پھر بھی ان غنڈوں کو تحفظ فراہم کرتی ہے کیونکہ یہ ہمارے کرپٹ حکمران سیاستدانوں کی مٹھیاں گرم کرتے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں