سندھ ہائی کورٹ نے رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹی ضمیر عباسی کی تقرری کا نوٹیفیکیشن معطل کر دیا

اگر پورے صوبے میں گریڈ 19 کا ویٹنگ پر کوئی افسر نہیں تو کیا کسی بھی گریڈ کا افسر لگا سکتے ہیں عدالت کا استفسار

بدھ 22 مئی 2024 18:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2024ء) سندھ ہائی کورٹ نے رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹی ضمیر عباسی کی تقرری کا نوٹیفیکیشن معطل کر دیا۔بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹی ضمیر عباسی کی تقرری کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی ۔ضمیر عباسی رجسٹرار سوسائٹی سندھ نے موقف اختیار کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے غیر قانونی کام روکے جس وجہ سے میرے خلاف درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔

ضمیر عباسی نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ آپ زبانی حکم کریں میں عہدے کا چارج چھوڑ دیتا ہوں لیکن پہلے مجھے سن لیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ 19 گریڈ کی پوسٹ پر کس طرح 18 گریڈ کے افسر کو مقرر کرسکتے ہیں وکیل ضمیر عباسی نے موقف اختیار کرتے ہوئے بتایا کہ پورے صوبے میں 19 گریڈ کا کوئی افسر نہیں جس کو لگایا جاتا۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر پورے صوبے میں گریڈ 19 کا ویٹنگ پر کوئی افسر نہیں تو کیا کسی بھی گریڈ کا افسر لگا سکتے ہیں گریڈ 19 کی پوسٹ پر گریڈ 17,18 اور 16 کے افسر کو لگا دیں گی جسٹس ظفر راجپوت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پہلی دفعہ سنا ہے کہ پورے صوبے میں 19 گریڈ کی سیٹ کے لئے کوئی افسر فارغ نہیں ۔

عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر جواب جمع کرائیں اگر عدالت مطمئن ہوئی تو تقرری کا نوٹیفیکیشن معطلی کا حکم نامہ واپس لے لیں گے۔عدالت نے ضمیر عباسی کی تقرری کا نوٹیفیکیشن معطل کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر سندھ حکومت اور دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں