امہ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان عید الاضحی کے موقع پر ایک لاکھ مستحقین کو گوشت پہنچانے کیلئے پر عزم

اہل خیر حضرات امہ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان کے تحت وقف قربانی میں بھرپور حصہ لیں، حاجی عبد الرزاق بیلی

بدھ 22 مئی 2024 22:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2024ء) امہ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان نے عیدالاضحی کے موقع پر گوشت سے محروم ہزاروں نادار خاندانوں تک گوشت پہنچانے کیلئے وقف قربانی کا اہتمام کیا ہے،جس کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے جبکہ قربانی کے جانوروں کی خریداری شروع کر دی گئی ہے،قربانی کے گوشت کو ہائی جینک طریقے سے محفوظ بنانے اور اسے مستحقین تک پہنچانے کیلئے تمام انتظامات کئے جا رہے ہیں۔

امہ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان کے بانی چیئرمین مولانا محمد ادریس اور وائس چیئرمین حاجی عبد الرزاق بیلی کا کہنا ہے کہ عید الاضحی ایثار، قربانی اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے۔ خوشی کے اس موقع پر مستحق عزیز و اقارب اور نادار ہم وطنوں کو یاد رکھنا چاہیے، عید کی خوشیوں میں ان لوگوں کو شریک کرنا ضروری ہے جو قربانی کی استطاعت نہیں رکھتے،اہل خیر حضرات امہ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان کے تحت وقف قربانی میں بھرپور حصہ لیں۔

(جاری ہے)

امہ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان کے تحت وقف قربانی کیلئے جانوروں کی خریداری سے لے کر ذبیحہ اور گوشت کی تیاری و تقسیم تک تمام تر امور نہایت شفاف طریقے سے اور شرعی تقاضوں کے مطابق انجام دئیے جاتے ہیں،امہ کے درجنوں رضا کار گوشت کی تقسیم میں حصہ لیں گے اور قربانی کا گوشت مستحقین کے گھروں تک پہنچائیں گے، گزشتہ سال عید الاضحی کے موقع پر امہ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان کے تحت 1062 جانوروں کی وقف قربانی کا اہتمام کیا گیا جس کا گوشت 50 ہزار سے زائد مستحقین میں تقسیم کیاگیا،بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر امسال امہ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان نے ایک لاکھ سے زائد مستحقین تک قربانی کا گوشت پہنچانے کا عزم کیا ہے اور عید الاضحی پر کراچی سمیت ملک بھر میں ہزاروں وقف یعنی فی سبیل اللہ قربانیاں کی جائیں گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں