کراچی میں بجلی کی عدم فراہمی پر شدید احتجاج، ٹریفک معطل

پولیس نے احتجاج کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے والے 4 افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا

اتوار 26 مئی 2024 14:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2024ء) شاہ لطیف ٹائون اور اورنگی بنارس پل پر بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج کے باعث ٹریفک معطل ہوگیا، پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والے 4 مظاہرین کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹائون کے علاقے ظفر ٹائون میں علاقہ مکینوں نے بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کر دیا جس کے باعث بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

ایس ایچ او شاہ لطیف ملک سلیم نے بتایا کہ مظاہرین کو بات چیت کے ذریعے منتشر کرنے کی کوشش کی تاہم ناکامی پر پولیس نے لاٹھی چارج کر کے انھیں منتشر کردیا جبکہ اس موقع پر مظاہرین میں شامل افراد کی جانب سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔اس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ پولیس کی نفری کو بھی تعینات کر دیا۔

(جاری ہے)

دریں اثنا عبداللہ کالج کی جانب سے اورنگی ٹائون جانے والے بنارس پل کے ٹریک پر علاقہ مکینوں نے بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کر دیا جس کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔مظاہرین کی جانب سے کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور فوری طور پر بجلی کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو بات چیت کے بعد منتشر کر کے ٹریفک بحال کرا دیا ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں