اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ ،تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کا جوش عروج پر پہنچ گیا

صبح و شام بھر پور ٹریننگ ،تمام کھلاڑی سو فیصد کھیل پیش کر رہے ہیں ،ہیڈ کوچ اولمپئن ایاز محمود

منگل 23 اپریل 2024 19:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیرانتظام عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میںجاری سلطان اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا ،گزشتہ روز کیمپ میں شریک کھلاڑیوں نے ہیڈ کوچ اولمپئن ایاز محمود کے ساتھ کوچز اولمپئن ریحان بٹ اور اولمپئن محمد ثقلین کی نگرانی میں صبح و شام دونوں اوقات میں بھر پور ٹریننگ سیشن کئے ۔

صبح کے اوقات میں معمول کی فزیکل ٹریننگ کے بعد جدید ہاکی تیکنیکس کی متعدد ڈرلز کی گئیں جس میں پنالٹی کارنرز،پنالٹی شوٹ آئوٹ ،پنالٹی اسٹروکس ،ٹاپ آف دی ڈی فری ہٹ کو پنالٹی کارنر میں تبدیل کرنا ،مخالف ٹیم کو فری ہٹ کی صورت میں دفاعی حکمت عملی اپنانا ،گول کرنے کی صلاحیت میں مزید بہتری ،اسکوپ اورلانگ پاسز کے ذریعے اٹیک ،اسکوپ اور لانگ پاسز کے خلاف دفاعی تینکیکس کے ساتھ ساتھ پلیئرز مارکنگ پر کام کیا گیا ۔

(جاری ہے)

شام کے اوقات میں پریکٹس میچ کھیلا گیا جس میں کوچز نے کئی نئے کمبی نیشن آزمائے ۔مڈ فیلڈ میں اسکیمر کا کردار مزید واضح کرنے کے ساتھ ساتھ گیم کو تیز اور سلو کرنے کی حکمت عملی پر بھی کھلاڑیوں سے عملدرآمد کروایا گیا ۔گول کیپنگ کوچ عبدالغفور کی نگرانی میں گول کیپرز نے بھی اپنی اسکلز میں بہتری پر کام کیا ۔کیمپ کے اختتام پر میڈیا سے بات چیت میںہیڈ کوچ اولمپئن ایاز محمود کا کہنا تھا کہ تربیتی کیمپ سینئرزاور جونیئرز کھلاڑیوں کابہترین امتزاج ہے ،ہم نے کوشش کی ہے کہ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کے مطابق ان سے جدید ہاکی کے تقاضوں کے مطابق کام لیا جائے ،ہم اپنی اس کوشش میں بہت حد تک کامیاب ہیں ،ڈریگ فلکر عبدالرحمان سے بہت امیدیں وابستہ ہیں ،اس کیمپ سے کئی اچھے کھلاڑی بھی سامنے آئے ہیں ،خوش آئند بات یہ ہے کہ تمام ہی کھلاڑی اپنا سو فیصد دینے کی کوشش کر رہے ہیں یہ پاکستان ہاکی کے مستقبل کے لئے بہت ضرور ی ہے ۔

اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لئے ٹیم کا خاکہ بنا لیا ہے جلد ہی کھلاڑیوں کو مزید شاٹ لسٹ کر کے فائنل مرحلے کی ٹریننگ کا آغاز کر دیا جائے گا ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں