حکومت سستے رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے ‘صوبائی وزیر چوہدری شیر علی

تمام اشیائے خوردونوش مارکیٹ سے کم قیمت پر دستیاب ہیں اور انکی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا‘سستے رمضان بازاروں کے دورہ کے موقع پر گفتگو

بدھ 31 مئی 2017 16:36

حکومت سستے رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے ‘صوبائی وزیر چوہدری شیر علی
قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2017ء) صوبائی وزیر معدنیات پنجاب چوہدری شیر علی خان نے کہا ہے کہ حکومت سستے رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے ‘حکومت پنجاب صوبے بھر میں رمضان بازاروں کی کڑی مانیٹرنگ کر رہی ہے ‘صارفین کے حقوق کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا ‘رمضان بازاروں میں تمام اشیائے خوردونوش مارکیٹ سے کم قیمت پر دستیاب ہیں اور انکی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مصطفی آباد سستے رمضان بازار ‘کھڈیاں خاص ‘ماڈل بازار ‘ریلوے اسٹیشن رمضان بازار دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان ‘پارلیمانی سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو حاجی نعیم صفدر انصاری ‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف ‘اسسٹنٹ کمشنر قصور امتیاز احمد کھچی ‘چیئر مین پبلک فسیلیٹیشن کمیٹی برائے ہیلتھ افضال حسین ، چیئر مین بیت المال کمیٹی قصور ناصر محمود خاں ، وائس چیئر مین مارکیٹ کمیٹی جمیل احمد خاں ، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی محمد بلال اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی خان نے کہا کہ پنجاب بھر کے رمضان بازاروں کو اعلیٰ سطح پر مانیٹر کرنے کیلئے اراکین اسمبلی اور اعلیٰ سرکاری افسران کو ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیادوں پر اپنی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں ۔صوبائی وزیر نے انتظامیہ کو ہدایت کہ وہ تمام رمضان بازاروں میں پھلوں ، سبزیوں ، گوشت ، دالوں ، گھی ، آٹا، چینی سمیت تمام اشیائے خوردونوش کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنائے۔

انہوں نے اس موقع پر صارفین سے رمضان بازاروں کی افادیت ، اہمیت اور حکومت کی طرف سے دی جانیوالی سبسڈی کے بارے میں بھی دریافت کیا ۔ صوبائی وزیر نے رمضان بازاروں کی سیکورٹی ، پارکنگ ، خواتین اور بزرگوں کے بیٹھنے کے مقامات کا بھی جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے رمضان بازاروں کی انتظامیہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ان سستے رمضان بازاروں میں اشیائے خورونوش کی وافر مقدار میں فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔صوبائی وزیر نے سستے رمضان بازاروں میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے بہترین انتظامات کرنے پر ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں