ڈپٹی کمشنر عمارہ خان کا کھڈیاں خاص سستے رمضان بازار کا دورہ ‘ناقص انتظامات پر عملے کی سرزنش

عوام الناس کو اشیائے خورونوش کی سستے داموں فراہمی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا‘ڈپٹی کمشنر عمارہ خان

بدھ 7 جون 2017 19:02

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2017ء)ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان کا کھڈیاں خاص سستے رمضان بازار کا دورہ ‘ناقص انتظامات پر عملے کی سرزنش‘عوام الناس کو اشیائے خورونوش کی سستے داموں فراہمی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا‘سستی اور غفلت کا مظاہرہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی ۔ اپنے دورہ کے دوران ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے سستے رمضان بازار میں اشیائے خورونوش کے معیار اور مقدار کو چیک کیا ۔

انہوں نے رمضان بازار میں عوام الناس کو دی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا اور صفائی ستھرائی کو چیک کیا ۔رمضان بازار میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر عملے کی سرزنش کی ۔انہوں نے باالخصوص آٹے اور چینی کا ریکارڈ چیک کیا اور عملے کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کی طرف سے دی جانیوالی خصوصی سبسڈی کو ہر قیمت پر عوام الناس تک پہنچائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یوٹیلٹی سٹور اور فیئر پرائس شاپ پر اشیاء کی مقدار کو مزید بڑھانے کی ہدایت کی تا کہ لوگ زیادہ سے زیادہ اشیاء سستے داموں خرید سکیں ۔

ڈپٹی کمشنر نے مارکیٹ کمیٹی کے اہلکاروں کو حکم دیا کہ وہ سستے رمضان بازار میں اعلیٰ کوالٹی کے پھل اور سبزیوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے صبح سبزی و فروٹ منڈی قصور کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر پھلوں ، سبزیوں اور دیگر اشیاء کی قیمتوں اور کوالٹی کا جائزہ لیا ۔ مارکیٹ کمیٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران عوام الناس کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں