قصور، حکومت بچوں کو پولیو سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر حسین چیمہ

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 21:51

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2020ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قصور شبیر حسین چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت بچوں کو پولیو سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ، پوری قوم پولیو کے خلاف متحد ہے آئندہ نسلوں کو پولیو فری پاکستان دینا ہم سب پر فرض ہے ،پولیو کے چیلنج سے کامیابی کیساتھ نمٹنے کیلئے تمام اداروں کو پوری یکسوئی کے ساتھ کام کرنا اور منزل کی جانب پورے عزم کیساتھ پیش قدمی جاری رکھنی ہو گی۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز محکمہ ہیلتھ کے آفس میں ورلڈ پولیو ڈے کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب اور انسداد پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اسسٹنٹ کمشنر قصور آصف علی ڈوگر ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر محمد اقبال جاوید ، ڈی ایچ او ڈاکٹر مبشر لطیف ، پروگرام ڈائریکٹر ڈی ایچ ڈی سی ڈاکٹر امتیاز احمد اولکھ ، ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر آئی آر ایم این سی ایچ ڈاکٹر ثمرہ خرم ، ڈی ایچ او ایم ایس ڈاکٹر حفیظ الرحمن ، ڈسٹرکٹ منیجر پی ایچ ایف ایم سی عابد مجید گل ، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر اسرار احمد انجم ، پولیو ورکز اور دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع قصور میں انسد اد پولیو مہم 26اکتوبر سے شروع ہو رہی ہے جو 31اکتوبر 2020تک جاری رہے گی ۔ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر 6لاکھ 44ہزار 660بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے ۔ جس کیلئے مجموعی طور پر 1586ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں ۔ انہوں نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ایک ایسی خطرناک بیماری ہے اگر اس کا بروقت تدارک نہ کیا جائے تو یہ نہ صرف بچوں کو عمر بھر کیلئے معذور بنا دیتی ہے بلکہ ان کے والدین کو بھی ایک ایسی اذیت میں مبتلا کر دیتی ہے جس سے نجات کا کوئی راستہ نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جس جوش اور جذبے کیساتھ پولیو کو ختم کرنے کی جدوجہد کی جارہی ہے اس سے پوری حقیقت پسندی کے ساتھ یہ امید کی جاسکتی ہے کہ بہت جلد پاکستان سے پولیو کا مکمل طور پر خاتمہ ہو جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ والدین کو قومی ذمہ داری کا خیال کرتے ہوئے ہر مہم میں بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوانے چاہئیں کیونکہ انسداد پولیو کے اہداف کا حصول تمام طبقوں کی شمولیت کے بغیر ممکن نہیں ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے گزشتہ پولیو مہم کے دوران بہترین کارکردگی والے پولیو ورکرز میں تعریفی سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے ۔ بعدازاں محکمہ ہیلتھ آفس سے بلدیہ چوک تک ورلڈ پولیو ڈے آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں تمام شرکاء نے بھرپور شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں