جنجوعہ مکڑاچھ برادری کے فرزند کا قابلِ فخر اعزاز، اعجاز حسین جنجوعہ کی گریڈ 20 میں ترقی ہو گئی

Zeeshan Haider ذیشان حیدر ہفتہ 25 جولائی 2015 20:15

کھیوڑہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 جولائی۔2015ء) جنجوعہ مکڑاچھ برادری کے فرزند کا قابلِ فخر اعزاز، اعجاز حسین جنجوعہ کی گریڈ 20 میں ترقی ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق محلہ مکڑاچھ کھیوڑہ کے رہائشی اعجاز حسین جنجوعہ کی گریڈ 19 سے گریڈ 20 میں ترقی ہو گئی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ موصوف وفاقی حکومت کے محکمہ آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کارپوریشن کے ہیڈ آفس واقع اسلام آباد میں بطور ڈپٹی آڈٹ چیف تعینات تھے۔

اب وفاقی حکومت نے ان کی اہلیت ، دیانت داری، فرض شناسی اور افسرانِ بالا کی پر زور سفارش پر ان کو محکمہ جاتی ایگزیکٹو گریڈ 5 سے ترقی دے کر گریڈ 6 میں بطور چیف پروکیورمنٹ آفیسر تعینات کر دیا ہے۔ واضع رہے کہ اعجاز حسین جنجوعہ پاکستان تحریکِ انصاف کھیوڑہ کے جنرل سکریٹری راجہ فیاض الحسن کے بہت قریبی رشتہ دار ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے اپنی ترقی کی خوشی میں جنجوعہ برادری کے چنیدہ معززین کے اعزاز میں ایک پرتکلف اور شاندار ضیافت کا اہتمام کیا۔

اس ضیافت میں جنجوعہ مکڑاچھ ویلفئیر سوسائٹی کے عہدیداروں راجہ فیاض الحسن،راجہ ظفر اقبال، راجہ محمد شہزاد،راجہ اصغر حسین ، راجہ آفتاب حسین،راجہ مسعود الحسن اور راجہ محمد رشید کے علاوہ امید وار برائے جنرل کونسلر محمد صفدرجنجوعہ ایڈوکیٹ اور برادری کے دیگر درجنوں معتبرین نے بھی شرکت کی۔ایک شریکِ محفل نے یہ دلچسپ انکشاف کیا کہ اسی برادی کے راجہ فیض الحسن فیض بھی لیبر منسٹری میں گریڈ 20 کے افسر رہ چکے ہیں اور اعجاز جنجوعہ دوسرے افسر ہیں جنہیں اللہ نے اس عزت سے نوازا ہے۔

حاضرینِ مجلس نے میزبان کو مبارک باد پیش کی اور ان کی نئی ذمہ داریوں سے بخوبی عہدہ برأ ہونے کے لئے دعا بھی کی۔راجہ فیاض الحسن نے اپنے دعائیہ پیغام میں ان کی مستقبل میں مزید ترقی کی خواہش کا اظہار کیا۔

کھیوڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں