بلوچستان عوامی پارٹی خضدار کی وزیر اعلی جام کمال کے حق میں شاندار ریلی

ہفتہ 18 ستمبر 2021 23:05

خضدار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2021ء) بلوچستان عوامی پارٹی خضدار کی جانب سے وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان عالیانی کے حق میں اور عدم اعتماد پیش کرنے والے سازشی کرداروں کے خلاف ضلعی سینئر نائب صدر رئیس علی احمد،سینئر رہنما میر اخلاق احمد خدرانی،سردار بلند خان غلامانی، خضدار سٹی کے صدر میر احمد خان گنگو کی قیادت میں شاندار و تاریخی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں بلوچستان عوامی پارٹی کے کارکنان اور عام شہریوں نے شرکت کی۔

ریلی کا آغاز درانی ہاوس سے کیا گیا اور ریلی کے شرکا مختلف شاہراوں پر وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان عالیانی کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے خضدار پریس کلب پہنچے جہاں ریلی نے جلسہ عام کی شکل اختیار کی۔

(جاری ہے)

ریلی کے شرکا سے سینئر رہنما سردار بلند خان غلامانی، ضلعی ترجمان محمدیونس گنگو، خضدار سٹی کے صدر میر احمد خان گنگو، تحصیل نال کے صدر حاجی مرزا خان لانگو، یوتھ ونگ کے جنرل سیکریٹری یاسر لانگو نے خطاب کیا ۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان عالیانی کی مدبرانہ سیاست اور ترقیاتی اقدامات کے بدولت بلوچستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے،جبکہ چند لوگ اپنے ذاتی مفاد کی خاطر ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں لیکن کسی صورت انہیں کامیاب ہونے نہیں دیا جائیگا۔ وزیر اعلی بلوچستان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے والے سازشی عناصر عوام کے خیر خواہ نہیں اور نہ ہی انہیں بلوچستان کی ترقی سے دلچسپی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ جام۔صاحب کے خلاف پیش کردہ عدم اعتماد کی تحریک کو عوامی سطح پر نفرت کی نگاہ سے دیکھاجارہا ہے، ترقی کے تسلسل کو جاری رکھنے اور امن اقدامات کو نتیجہ خیز بنانے کے لیئے وزیر اعلی جام کمال خان بلوچستان کی ضرورت ہے۔بلوچستان کے عوام اور بلوچستان عوامی پارٹی کے کارکنوں کو اپنے قائد پر نہ صرف فخر ہے بلکہ ہم ہر قدم پر اپنے قائد کے شانہ بشانہ رہیں گے۔

مقررین نے کہا کہ جام صاحب کے تین سالہ دور حکومت میں ریکارڈ توڑ ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔مفاد عامہ کے سینکڑوں منصوبے زیر تکمیل ہیں۔کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ عوام کی معیار زندگی میں بہتری آئے اور پسماندہ رہ جانے والے علاقوں میں عوام کو بنیادی سہولتیں میسر ہوں۔بلوچستان کی ترقی و تعلیم کی خاطر باشعور عوام ڈھال بن کر جام کمال خان کے حکومت کی حفاظت کریں گے۔

مقررین نے وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان عالیانی کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غریب عوام کی دعاوں کے بدولت وہ انشا اللہ ایک بار پھر سرخرو ہوکر اس امتحان سے نکلیں گے۔ریلی میں تحصیل نال کے کارکنان نے تحصیل صدر ماسٹر مرزا خان لانگو،تحصیل باغبانہ کے کارکنان نے ضلعی نائب صدر سردار منظور احمد باجوئی، تحصیل مولہ کے کارکنان نے تحصیل صدر میر اکبر زنگیجو، تحصیل زہری کے کارکنان نے حاجی عبدالقادر زہری کی قیادت میں ریلی میں شرکت کی جبکہ ضلعی رہنمائوں محمد انور راجہ، سیف اللہ ملازئی، انجینئر عتیق ساجدی،عنایت جام، سکندر ھنینا،خضدار سٹی کے جنرل سیکریٹری اکرم بلوچ،یوتھ ونگ کے صدر میر ایاز اللہ باجوئی سمیت بڑی تعداد میں سینئر رہنما موجود تھے۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں