تخریب کار طلبا کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہوگی‘رجسٹرار پنجاب یونیورسٹی

چالیس کے قریب طلبا ء کوسی سی ٹی وی کیمروں سے شناخت کر کے معطل کر دیا گیا ہے‘ پریس کانفرنس

جمعہ 29 اکتوبر 2021 00:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2021ء) پنجاب یونیورسٹی رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان نے گزشتہ روز طلبا ء تنظیموں کے جھگڑے پر ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چند شر پسند عناصر کو سنتالیس ہزار طلبا ء کاتعلیمی ماحول خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیںگے۔ایسے طلبا ء کیخلاف مقدمات درج کرا رہے ہیں،معاملہ ڈسپلنری کمیٹی میں بھی بھیج دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلبا ء کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہے ہیں اور 2002سے ٹیوشن فیس میں اضافہ بھی نہیں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کووڈ کے بعد طلبا ء پر جوش ہو کر پرامن ماحول میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں ہر مذہب اور فرقے کے طلبا ء کو مکمل آزادی ہے اور تعلیم کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی یونیورسٹی کی رینکنگ میں بہتری آتی ہے یا داخلے شروع ہوتے ہیں تو چند مخصوص تخریب کار طلبا ء یونیورسٹی میں امن وعامہ کی خرابی کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چالیس کے قریب طلبا ء کوسی سی ٹی وی کیمروں سے شناخت کر کے معطل کر دیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر خالد خان نے کہا کہ طلبا کے والدین کو بھی اس سلسلے میں آگاہ کرر ہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں