لاہور ائیر پورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 8 اگست 2018 16:47

لاہور ائیر پورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 اگست 2018ء) : لاہور ائیرپورٹ پر قومی ائیرلائن پی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔لاہور ائیر پورٹ پر طیارے کے انجن سے پرندہ ٹکرا گیا۔ٹیک آف کے دوران طیارے کے ٹائر بھی پھٹ گئے۔ کپتان نے ایمرجنسی بریک لگا کر طیارے کو روکا۔پی آئی اے کی پرواز پی کے 2057 ، 395 عازمین حج کو لے کر جدہ روانہ ہو رہی تھی ۔ طیارے کے ٹائر پھٹنے کے واقعہ کے بعد ریسکیو ٹیمیں رن وے پہنچ گئیں۔

ائیر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ پرواز میں سوار تمام مسافر محفوظ ہیں جبکہ طیارے کی مرمت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان سے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ 14 جولائی 2018ء کوقومی ائیر لائن پی آئی اے کی پہلی خصوصی حج پرواز پی کے 7001 کے ذریعے شروع ہوا، اس پرواز میں تین سو حجاج کرام کو حجاز لے جایا گیا اور عازمین حج کو لے جانے کا یہ سلسلہ 15 اگست 2018ء تک جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

پی آئی اے کے مطابق 250 خصوصی اورشیڈول پروازوں کے ذریعے 60 ہزارسے زائد عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا جب کہ پی آئی اے رواں سال بھی اپنے ہی طیاروں سے ہی حج آپریشن مکمل کرے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حج آپریشن کے دوران بوئنگ 777 اورایئربس 320 طیارے عازمین حج کوسفری سہولیات فراہم کریں گے، عازمین حج کی روانگی 15 اگست تک جاری رہے گی جب کہ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حاجیوں کی واپسی کے لیے 27 اگست سے پی آئی اے کی پروازیں شروع ہوں گی۔ دوسری جانب پاکستان کی قومی ائیر لائن کی کارکردگی اور طیاروں کی حالت پر بھی کئی سوالیہ نشان اُٹھ رہے ہیں جبکہ انتظامیہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں