کوٹ لکھپت جیل میں قید شہباز شریف کی گھر کا کھانا کھانے کی فرمائش پوری ہو گئی

شہباز شریف نے جیل حکام کو بتایا تھا کہ وہ پرہیزی کھانا کھاتے ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 7 دسمبر 2018 15:45

کوٹ لکھپت جیل میں قید شہباز شریف کی گھر کا کھانا کھانے کی فرمائش پوری ہو گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 دسمبر 2018ء) : اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو گذشتہ روز کوٹ لکھپت جیل بھیج دیا گیا جہاں انہیں سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کے اس تاریخی سیل میں قید کیا گیا جو طویل عرصہ تک ملک کے سابق وزرائے اعظم اور صدور سمیت اہم سیاسی شخصیات کا مسکن رہا۔ تفصیلات کے مطابق شہبا زشریف کا سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں سکیورٹی سیل چار دیواری میں ہے جس کے اندر چھوٹا سا باغیچہ ،کمرہ ،اٹیچ باتھ، بیڈ ،میز اور دو کُرسیاں موجود ہیں ۔

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو عدالتی و ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بی کلاس کی سہولت دینے کے حکم پر انہیں ٹی وی ، میٹرس ، اخبار، پین اور رجسٹر کے علاوہ ایک قیدی مشقتی بھی دیا گیا ہے۔علاوہ ازیں شہباز شریف کو ان کے اہلخانہ کی جانب سے ادویات ، کمبل ، تولیا، صابن اور کپڑے بھی جیل سپرنٹنڈنٹ کے ذریعے پہنچا دئے گئے۔

(جاری ہے)

جیل حکام نے شہباز شریف کی گھر کا کھانا کھانے کی فرمائش بھی پوری کی۔

شہباز شریف نے مبینہ طور پر جیل سپرنٹنڈنٹ اعجازاصغر کو بتایا تھا کہ وہ پرہیزی کھانا کھاتے ہیں، لہٰذا انہیں جیل کے کھانے کی بجائے گھر سے کھانا منگوا کردیا جائے جس پر سپرنٹنڈنٹ جیل اعجاز اصغر نے شہبازشریف کی فرمائش پوری کی اور انہیں گھر سے کھانا منگوانے کی اجازت دے دی۔ جیل ذرائع کے مطابق شہبازشریف کی ملاقات کے لیے سیل کی بجائے جیل ڈیوڑھی میں موجود ایک کمرہ مختص کیا گیا ہے جو قانون کے خلاف ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ اعجاز اصغر نے شہبازشریف کو خوش کرنے کے لئے یہ اقدام کیا۔ دوسری جانب نیب حکام نے شہباز شریف اور جیل حکام کی مانیٹرنگ کرنے کے لئے بھی اپنے تمام ذرائع کو الرٹ کردیا ہے جو انہیں جیل میں شہباز شریف کی سرگرمیاں اور جیل حکام کی جانب سے ان کو خوش کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق شہباز شریف کے طبی معائنے کے لیے 5 رکنی میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے۔ جس کے چئیرمین پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسرعارف تجمل ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں