پاکستان رگبی یونین کے زیراہتمام چھٹی سروس ٹائرز 15 سائیڈ لیگ اتوار سے شروع ہو گی

جمعہ 14 دسمبر 2018 20:30

لاہور۔14 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) پاکستان رگبی یونین کے زیراہتمام چھٹی سروس ٹائرز 15 سائیڈ لیگ اتوار سے پاکستان کے مختلف شہروں میں شروع ہو رہی ہے۔ پاکستان رگبی یونین کے رگبی سروسز مینجر سید معظم علی شاہ کے مطابق اس سال چار مختلف ڈویژنز میں 17 ٹیمیں نبرد آزما ہوں گی۔ ڈویژن ون میں تین ٹیمیں لاہور رگبی فٹ بال کلب، اسلام آباد اور لاہور ہاکس شامل ہیں۔

ڈویژن ٹو میں چارڈیزرٹ کیمل،لودھراں، ملتان اور پولیس ٹیمیں شامل ہیں۔ڈویژن تھری میں شاہین رگبی فٹ بال کلب، دنیا پور، وہاڑی اور کوٹ ادو شامل ہیں جبکہ ڈویژن چار میں فاٹا، کے پی کے ،کوئٹہ اور کراچی کی ٹیمیں شامل ہیں۔ پاکستان رگبی یونین کے چیئرمین فوزی خواجہ نے سروس انڈسٹریز کے ڈائریکٹر چودھری عارف سعید کا خصوصی شکریہ ادا کیا جو گزشتہ چھ سال سے پاکستان رگبی کے پریمیئر ایونٹ کو سپانسر کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

فوزی خواجہ کا کہنا تھا کہ رگبی پہلے سے زیادہ کھیلی جا رہی ہے۔ پاکستان کے چاروں صوبوں کی ٹیمیں سروس ٹائرز لیگ میں شرکت کر رہی ہیں۔کراچی اور کوئٹہ کی ٹیمیں پہلی بار ڈویژن فورمیں شرکت کر رہی ہیں۔16 دسمبر بروز اتوار کو تین میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ دوپہر دو بجے ڈویژن تھری میں کوٹ ادو میں شاہین رگبی فٹ بال کلب کا مقابلہ کوٹ ادو کی ٹیم کے ساتھ ہوگا۔

دوسرا میچ بھی دوپہر دو بجے ڈویژن تھری میں وہاڑی میں کھیلا جائے گا جس میں وہاڑی کی ٹیم کا مقابلہ دنیا پور کی ٹیم کے ساتھ ہوگا جبکہ آخری میچ ڈویژن ون میں لاہور میں کھیلا جائے گا جس میں لاہور رگبی فٹ بال کلب کا مقابلہ لاہور ہاکس سے پاکستان رگبی اکیڈمی لاہور کینٹ میں ہوگا۔فوزی خواجہ کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ 15 سائیڈ کے اس بڑے ٹورنامنٹ کے بعد کھلاڑیوں میں مزید بہتری آئے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں