نوبیاہتا جوڑے نے بالیوں کے لالچ میں کمسن بچی ذبح کر دی

میاں بیوی نے نہم کلاس کی طالبہ کو قتل کرنے کے بعد اسکی بالیاں اتار لیں

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 12 فروری 2019 23:53

نوبیاہتا جوڑے نے بالیوں کے لالچ میں کمسن بچی ذبح کر دی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-12 فروری 2019ء) : سونے کی بالیوں کے لالچ میں نوبیاہتا جوڑے نے معصوم بچی کو اسی کے گھر میں قتل کر ڈالا۔۔تفصیلات کے مطابق انسان کی جبلت میں لالچ آ جائے تو اسے اپنے پرائے کی سمجھ بوجھ بھی نہیں رہتی۔ایسے میں انسان اپنے لالچ میں مگن بڑے سے بڑاقدم اٹھانے سے بھی دریغ نہیں کرتا۔لالچی انسان کے پیش نظر صرف اور صرف اسکی حرص ہوتی ہے ،بسا اوقات وہ اس بات کی بھی پرواہ نہیں کرتا کہ اس کے اس حرص و لالچ کا نتیجہ کیا نکلے گا ۔

رشتوں ناطوں کو کچلتا ہوا انسان صرف اور صرف اپنی حرص کو مد نظر رکھتا ہے ۔ایسا ہی ایک افسوس ناک واقعہ لاہور میں پیش آیا جہاں پیسے کے لالچ نے نوبیاہتا جوڑے کو اندھا کرڈالا۔میاں بیوی نے بظاہر بالیوں کے لالچ میں کمسن طالبہ کو اسی کے گھر میں ذبح کر ڈالا۔

(جاری ہے)

مقتولہ نہم جماعت کی طالبہ تھی اور واردات کے وقت اپنے گھر میں اکیلی موجود تھی کہ دونوں میاں بیوی گھر میں گھس آئے۔

قتل کی واردات کا مرکزی ملزم شوہر تھا جبکہ بیوی نے اس مکروہ عمل میں اس کی معاونت کی ۔پہلے اسے باندھا گیا۔اس موقع پر بچی نے کافی چیخ و پکار کی مگر کوئی مدد کے لیے نہ آیا۔مقتولہ نے ظالموں کو خدا رسول کے واسطے بھی دئیے مگر انہوں نے ایک نہ سنی اور اس بچی کو اسی کے بستر پر ذبح کر ڈالا اور اس کے بعد اس کے کانوں سے بالیاں تک نوچ ڈالیں۔واردات کے بعد فرار ہوتے ہوئے انکو دیکھ لیا گیا۔پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے اور ان دونوں کے خلاف قانونی کاروائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ ملزمان نے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے۔                                                                                                                                    

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں