یونیورسٹیز اپنے ڈویژن میں واقع کالجز کی نگرانی کریں گی‘ راجہ یاسر

تمام سرکاری جامعات کے معاملات کو یکساں چارٹر کے تحت چلایا جائے گا‘ وزیر ہائر ایجوکیشن

بدھ 21 اگست 2019 19:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2019ء) وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں نے لاہور کے نجی ہوٹل میں ایجوکیشن ایکسپو 2019 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہائر ایجوکیشن پالیسی کا اعلان بہت جلد کیا جائیگا۔ تعلیمی اصلاحات سے معیار تعلیم بہتر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری جامعات کے معاملات کو یکساں چارٹر کے تحت چلایا جائے گا جس سے جامعات کے انتظامی امور احسن انداز میں چلائے جاسکیں گے۔

صوبائی وزیرنے کہا کہ لاہور سے بیٹھ کر جھنگ یا ڈی جی خان کے یونیوسٹیز سب کیمپسز کا انتظام چلانا آسان نہیں ہے اسی لیے نئی پالیسی کے تحت سرکاری یونیورسٹی کے سب کیمپسز کا انتظام اس ڈسٹرکٹ میں موجود یونیورسٹی دیکھے گی جبکہ صوبے کے کالجز کامتعلقہ اضلاع کی جامعات کے ساتھ ہی الحاق ہو سکے گا۔

(جاری ہے)

۔ حکومت پنجاب صوبہ کی ہر ڈویڑن میں ایک عالمی معیار کی یونیور سٹی بنائے گی یا پہلے سے موجود یونیورسٹیز میں بہتری لائی جائے گی۔

راجہ یاسر نے کہا کہ حکومت اس سال صوبے کے چھ اضلاع میں نئی جامعات بنانے جا رہی ہے جس کے لئے بجٹ میں فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہمارے تعلیمی نصاب اور انڈسٹری کی ضروریات میں ایک وسیع تفاوت پائی جاتی ہے۔ دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری کے لئے مقامی انڈسٹری کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایساکریکولم تشکیل دیں گے جس سے یہ فرق کم ہو سکے۔

کمیونیٹی کالجز میں جاب مارکیٹ کو مد نظر رکھ کر مختلف مضامین میں دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری دی جائے گی۔ وزیرہائر ایجوکیشن نے کہا کہ پنجاب میں ایک فیڈریٹنک یونیورسٹی کے قیام کی تجویز بھی زیر غور ہے جو تمام جامعات میں معیار تعلیم کی نگرانی کرے گی۔ جامعات کی عالمی درجہ بندی سے ہی معیار تعلیم میں بہتری کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ پنجاب کی جامعات کی ورلڈ رینکنگ میں بہتری کے لیے حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے۔ درجہ بندی میں بہتری سے دیگر ممالک کے طلباء کو بھی راغب کیا جا سکے گا۔ جس کے بعد ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ بین الاقوامی سطح پر ایجوکیشن ایکسپو کا انعقاد کرے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں