بچے کو دودھ پلاتے ہوئے اسپیکر اسمبلی کی کارروائی

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈرا آرڈرن بھی یہ کارنامہ سر انجام دے چکی ہیں

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 23 اگست 2019 04:51

بچے کو دودھ پلاتے ہوئے اسپیکر اسمبلی کی کارروائی
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اگست2019ء)   نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کے ہاں گزشتہ برس جون میں بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔وہ پاکستان کی سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے بعد دوسری وزیر اعظم تھیں، جنہوں نے وزارت عظمیٰ پر براجمان رہتے ہوئے بچی کو جنم دیا تھا۔اپنے ہاں جون 2018 میں بیٹی کی پیدائش کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کم سن بچی کے ساتھ جہاں اپنے ملک کی اسمبلی میں دکھائی دیں، وہیں وہ اپنی بچی کو عالمی دوروں پر ساتھ لے جاتی دکھائی دیں۔

اسی طرح جیسنڈا آرڈن اپنی بچی کو اقوام متحدہ کے اجلاس میں بھی ساتھ لے گئی تھیں اور یوں ان کی بچی دنیا کی وہ پہلی بچی بنی تھیں جو اقوام متحدہ کے اجلاس میں شریک ہوئی تھیں۔جیسنڈا آرڈرن کے بعد ان کے ہی ملک کے پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اجلاس کے دوران دوسرے رکن کے بچے کو دودھ پلاتے ہوئے اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی چلا کر نئی تاریخ رقم کردی۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق نیوزی لینڈ اسمبلی کے اسپیکر تریور ملارد نے رکن اسمبلی کے ایک ماہ کے بچوں کو دوران اجلاس دودھ پلا کر نئی تاریخ رقم کردی۔تریور ملارد نے رکن اسمبلی تماتی کافی کے ایک ماہ کے بچے کو اس وقت گود میں لے کر اسے فیڈر کے ذریعے دودھ پلایا جب بچے کے والد اسمبلی میں بحث کے دوران اپنی تقریر کرنے لگے۔والد کی جانب سے اسمبلی میں تقریر کے دوران اٹھتے وقت اسپیکر نے انہیں بچہ ان کے حوالے کرنے کی پیش کش کی جو رکن اسمبلی نے مان لی۔

اسپیکر نے رکن اسمبلی کے بچے کو گود میں لے کر اسے فیڈر کے ذریعے نہ صرف دودھ پلایا بلکہ ان کے ساتھ پیار بھی کیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ جب اسپیکر بچے کو دودھ پلا رہے تھے وہ اس وقت ایوان کی کارروائی بھی چلا رہے تھے اور تقریر کرنے والے بچے کے والد سمیت دیگر ارکان سے مخاطب بھی ہو رہے تھے۔اسمبلی اجلاس کی کارروائی کے دوران بچے کو دودھ پلانے کی اسپیکر کی تصاویر کو نیوزی لینڈ اسمبلی کے کئی ارکان اسمبلی نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں۔

2017 میں تریور ملارد نے خاتون رکن اسمبلی ولو جین پرائم کی تین ماہ کی بیٹی کو بھی سنبھالا تھا۔ساتھی رکن اسمبلی کی بیٹی کو سنبھالنے پر بھی تریور ملارد کی تصاویر وائرل ہوئی تھیں اور دنیا بھر میں ان کی تعریفیں کی گئی تھیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں