کیپٹن (ر) صفدر نے مریم نواز پر حملہ کرنے کے الزام میں وزیر اعظم سمیت دیگر کیخلاف اندراج مقدمہ کیلئے سیشن عدالت میں درخواست جمع کرا دی

بدھ 12 اگست 2020 13:19

کیپٹن (ر) صفدر نے مریم نواز پر حملہ کرنے کے الزام میں وزیر اعظم سمیت دیگر کیخلاف اندراج مقدمہ کیلئے سیشن عدالت میں درخواست جمع کرا دی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2020ء) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر نے اپنی اہلیہ مریم نواز پر حملہ کرنے کے الزام میں وزیر اعظم عمران خان ،وزیر اعظم کے مشیر شہزاد اکبر ،چیئرمین نیب جاوید اقبال اور ڈی جی نیب شہزاد سلیم سمیت 100نا معلوم افراد کے خلاف اندراج مقدمہ کیلئے سیشن عدالت میں درخواست جمع کر ادی ۔

کیپٹن (ر)محمد صفدر کی جانب سے فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی ۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ مریم نواز کی پیشی کے دوران ان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا، سرکاری مشینری کی جانب سے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا گیا، وزیر اعظم عمران خان ،مشیر وزیر اعظم شہزاد اکبر، چیئرمین نیب جاوید اقبال اور ڈی جی نیب شہزاد سلیم کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دی مگر مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

درخواست میں مزید موقف اپنایا گیا کہ مریم نواز کی پیشی کے دوران امن و عامہ کو قابو میں رکھنا حکومت کی ذمہ داری تھی، حکومت اور نیب نے نہتے اور پرامن کارکنان پر حملہ کیا اور انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ استدعا ہے کہ مریم نواز کی نیب پیشی کے دوران حملہ کرنے والے اور احکامات جاری کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ایڈیشنل سیشن جج اعجاز احمد گوندل نے تھانہ چوہنگ پولیس سے آج( جمعرات ) کے روز رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں