پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی12شہروں میں عطائیوں کیخلاف کارروائی، 114عطائیت کے اڈے سربمہر

اتوار 25 اکتوبر 2020 18:05

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2020ء) : پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے عطائیوں کیخلاف جاری کارروائی کے دوران گذشتہ ہفتہ میں 114عطائیت کے اڈے سربمہرکر دیئے۔ ترجمان کے مطابق کمیشن کی ٹیموں نے 780علاجگاہوں پر چھاپے مارکر ان114کو سربمہر کردیا،جہاں پر عطائی کام کر رہے تھے۔ علاوہ ازیں 316 علاجگاہوں کی نگرانی بھی شروع کر دی گئی ہے جہاں پر چھاپوں کے وقت مستند معالجین موجود تھے۔

(جاری ہے)

جن شہروں میں بڑی کارروائیاں کی گئیں ان میں سیالکوٹ کے 19،حافظ آباد18،لیہ 17،بہاولپور14،ملتان اور راجن پورہر ایک میں 11،جہلم میں 10عطائیوں کے اڈے سیل کر دیئے گئے۔ مزید برآں لاہور اور شیخوپورہ ہر ایک میں 4،راولپنڈی3،گوجرانوالہ 2اور قصور میں ایک عطائی کی دوکان کو بند کیا گیا۔لاہور میں بلال میڈیکل سٹور،السمیع ہومیوپیتھک کلینک،شکاگو کلینک اور رمضان میڈیکل سنٹر سربمہر کئے گئے ہیں۔

پی ایچ سی کے ترجمان نے مزید کہا ہے کہ کمیشن اور ضلعی انتظامیہ نے اب تک 84,369ہزار مراکز پر چھاپے مارے ہیں اورتقریباً28ہزارعطائیوں کے کاروبارسیل کئے ہیں اورکمیشن کی ہیرنگ کمیٹیوں نے انھیں 57کروڑ روپے سے زائد جرمانے بھی کئے گئے ہیں۔مزید اعدادوشمار کے مطابق16,831عطائیت کے اڈوں پر دوسرے کاروبار شروع کر دیئے گئے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں