مسلم لیگ ن کے ایم این اے کے بیٹے کی جگہ پیپر دینے والا طالبعلم گرفتار

واقعہ گورنمنٹ ہائی سکول میں پیش آیا،پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرتے ہوئے قانونی کارروائی شروع کردی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 3 اگست 2021 18:41

مسلم لیگ ن کے ایم این اے کے بیٹے کی جگہ پیپر دینے والا طالبعلم گرفتار
کامونکی (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 3اگست 2021) مسلم لیگ ن کے ایم این اے کے بیٹے کی جگہ پیپر دینے والا طالبعلم گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری ذوالفقار بھنڈر کے بیٹے کی جگہ پیپر دیتے ہوئے نوجوان پکڑا گیا۔ کامونکی سے رکن قومی اسمبلی چوہدری ذوالفقار بھنڈر کے بیٹے فرمان کی جگہ خطیب نامی نوجوان پیپر دے رہا تھا۔

واقعہ گورنمنٹ ہائی سکول میں پیش آیا۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرتے ہوئے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔تاہم رکن قومی اسمبلی کا بیٹا ابھی مفرور ہے۔ لیگی ایم این اے ذوالفقار بھنڈر کے بیٹے فرحان کا میٹرک جنرل سائنس کا پیپر تھا جس کا سنٹر گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر کامونکی بنایا گیا تھا-گرفتار ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ اُس سے ایم این اے کے بیٹے سے بھاری رقم لے کر امتحان دینے کا معاہدہ طے کیا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس کی جانب سے اس حوالے سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب صوبہ سندھ میں میٹرک کے امتحانات کے دوران نقل سمیت امتحانی ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزیوں پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی تھی، لیکن اس کے باوجود نقل اور پرچے آؤٹ ہونے کی رپورٹس کا سلسلہ بھی جاری رہا۔محکمہ داخلہ سندھ نے پرامن اور شفاف امتحانات یقینی بنانے کے لیے صوبے بھر میں امتحانی مراکز اور بورڈ کے دفاتر میں دفعہ 144 نافذ کردی تھی۔

محکمہ داخلہ سندھ کے جاری اعلامیے کے مطابق امتحانی مراکز میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے جبکہ امتحانی مراکز میں موبائل فونز لے جانے پر بھی پابندی عائد ہو گی۔اس کے علاوہ امتحانی مراکز کے نزدیک فوٹو اسٹیٹ کی دکانیں کھولنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔اعلامیے میں پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مذکورہ ہدایات کی خلاف ورزی کی صورت میں تادیبی کارروائی عمل میں لائے۔

ادھر دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود دسویں جماعت کی طرح نویں جماعت کا پہلا پرچہ بھی امتحان شروع ہونے سے پہلے ہی آؤٹ ہو گیا۔رپورٹس میں کہا گیا کہ کراچی میں ہونے والا نویں جماعت کا سائنس گروپ کا ریاضی کا پرچہ امتحانی وقت شروع ہونے سے 15 منٹ پہلے ہی آؤٹ ہو گیا۔دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود امتحانی مراکز کے اطراف آؤٹ ہونے والا پرچہ فروخت ہوتا رہا اور انتظامیہ اس کے حوالے سے بالکل غیرمؤثر نظر آئی جبکہ امتحانی سینٹرز سے نقل کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں