وزیراعلیٰ حمزہ شہباز سے ترکی کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل برائے یورپی یونین و فارن افیئرز سیلامی کیلک کی سربراہی میں وفد کی ملاقات

شعبہ صحت میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال، فیملی میڈیسن سسٹم،نرسنگ،ویکسینیشن اور ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے تعاون کے فروغ پر اتفاق

جمعرات 7 جولائی 2022 22:15

وزیراعلیٰ حمزہ شہباز سے ترکی کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل برائے یورپی یونین و فارن افیئرز سیلامی کیلک کی سربراہی میں وفد کی ملاقات
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2022ء) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف سے ترکی کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل برائے یورپی یونین و فارن افیئرز سیلامی کیلک کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور شعبہ صحت میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں فیملی میڈیسن سسٹم،نرسنگ،ویکسینیشن اور ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

ترکی کے قونصل جنرل امیر اوزبے بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترک بھائیوں سے ملاقات میرے لئے باعث مسرت ہے۔پاکستان اورترکی ہر موسم کے حقیقی دوست ممالک ہیں۔ ترکی کے ساتھ تعلقات ایک بار پھر بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو صحت کی معیاری سہولتیں فراہم کرنا ہمارا مشن ہے۔

معیاری ہیلتھ کیئر سسٹم کے لئے ترکی کے تجربے سے مزید استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف کے دور وزارت اعلیٰ میں ترک وزارت صحت نے شعبہ صحت میں پنجاب حکومت کی بھرپور معاونت کی۔ ترکی کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل برائے یورپی یونین و فارن افیئرز سیلامی کیلک نے کہا کہ شعبہ صحت کی بہتری کے لئے پنجاب حکومت کے ساتھ پہلے بھی تعاون کیا اور آئندہ کریں گے۔ سیلامی کیلک نے وزیراعلیٰ حمزہ شہبازشریف کو ترکی کے دورے کی دعوت دی۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق، خواجہ احمد حسان، لیگل ایڈوائزر علی رضا، چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات،سیکرٹری صحت اور اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں