پنجاب میں کسانوں کو سبسڈی پر زرعی مشینری دینے اور سولر ٹیوب ویل پروجیکٹ کی منظوری

کاشتکاروں کو 60 فیصد سبسڈی پر 56 اقسام کی زرعی مشینری دی جائیگی،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں متعدد زرعی پروجیکٹس کی بھی منظوری دی گئی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 28 مارچ 2024 10:08

پنجاب میں کسانوں کو سبسڈی پر زرعی مشینری دینے اور سولر ٹیوب ویل پروجیکٹ کی منظوری
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 مارچ2024 ء) پنجاب حکومت نے کسانوں کو سبسڈی پر زرعی مشینری دینے اور سولر ٹیوب ویل پروجیکٹ کی منظوری دیدی، کاشتکاروں کو 60 فیصد سبسڈی پر 56 اقسام کی زرعی مشینری دی جائیگی ۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں سولر ٹیوب ویل پروجیکٹ کی منظوری کے ساتھ ساتھ متعدد زرعی پروجیکٹس کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبہ بھر میں کھالے پکے کرنے کے پروگرام کی منظوری بھی دے دی۔پہلے مرحلے میں 10 ارب روپے کی لاگت سے 1200 کھالے پکے ہوں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں صوبہ بھر میں 7 ہزار کھالے پکے کئے جائینگے، وزیراعلیٰ نے آئندہ 5 سالوں میں تمام کھالوں کو پختہ کرنے کا حکم دے دیاجبکہ بیج کی پیداوار 4 لاکھ ٹن سے بڑھا کر 6 لاکھ ٹن تک کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور آیا، یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کے تعاون سے سویابین سیڈ کی ایک لاکھ ایکڑ ایریا پر کاشتکاری کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

دوران اجلاس سموگ کنٹرول کرنے اور فصلوں کی باقیات کو جلانے سے بچانے کیلئے رائس سٹرا شیڈر مشین پر ٹیکس ختم کروانے کیلئے وفاقی حکومت سے رابطے پر اتفاق کیا گیا۔سیکرٹری زراعت نے ایگریکلچر سے متعلق منصوبوں پر وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔ کاشت کاروں کو ایک ہزار لیزر لیولر اگلے 6 ماہ میں دیئے جائیں گے۔سیکرٹری زراعت نے بریفنگ میں بتایا کہ 2 سالہ میکانائزیشن پلان کے تحت 23 ہزار زرعی آلات اور 2 ہزار 280 لیزر لینڈ لیولنگ 13.4 ارب روپے کی لاگت سے سبسڈی پر کاشتکاروں کو دیئے جائیں گے۔

بریفنگ میں وزیراعلیٰ پنجاب کو مزید بتایا گیا کہ 25 ایکڑ تک زمین رکھنے والے کاشتکاروں کو 2 سال میں سولر سسٹم مہیا کئے جائیں گے، مینوئل بوائی کی وجہ سے 12 فیصد گندم اور 18 فیصد چاول کی پیداوار کم ہوتی ہے۔ ہائی ٹیک زرعی مشینری پر 30 سے 37 فیصد ٹیکس اور ڈیوٹی ہے، میکانائزیشن پلان کے تحت 3 ماہ میں دو ارب کی لاگت سے زرعی مشینری خریدی جائے گی، مشینری کاشتکاروں کو سبسڈی پر دی جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں