پنجاب ،ضمنی انتخابات کے پیش نظر 10اضلاع میں دفعہ 144نافذ

دفعہ 144کے نفاذ کے دوران لائسنس یافتہ اسلحہ لے کر چلنے پر پابندی ہوگی، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی بھی نہیں کی جا سکے گی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 19 اپریل 2024 10:39

پنجاب ،ضمنی انتخابات کے پیش نظر 10اضلاع میں دفعہ 144نافذ
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اپریل2024 ء) محکمہ داخلہ پنجاب نے 21 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے پیش نظر 10 اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کردی، نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ امن و امان یقینی بنانے کیلئے کیا گیا ہے،نوٹیفکیشن کے مطابق ان ضلاع میں 18 اپریل سے 22 اپریل تک دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔دفعہ 144کے نفاذ کے دوران لائسنس یافتہ اسلحہ لے کر چلنے پر پابندی ہوگی۔

لاہور، قصور، چکوال،گجرات، بھکر، وزیرآباد،نارووال، شیخوپورہ، رحیم یارخان اور ڈیرہ غازی خان میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔دفعہ 144 کے نفاذ کے تحت ہر قسم کے اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد ہے۔ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی بھی نہیں کی جا سکے گی۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز خیبرپختونخواہ میں ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کیا تھا۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ضمنی انتخابات قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 8 باجوڑ ، این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان، اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں پی کے 22 باجوڑ اور پی کے 91 کوہاٹ میں ہوں گے۔الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوکر شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات میں 14 لاکھ 71 ہزار سے زائد ووٹرز اپناحق رائے دہی استعمال کریں گے، مرد ووٹرز کی تعداد 7 لاکھ 99 ہزار 739 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 72 ہزار 216 ہے۔

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ مجموعی طور پر 892 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 139 پولنگ اسٹیشن کو زیادہ حساس قرار دیا گیا ہے۔صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی مہم جمعہ اور ہفتہ کی آدھی رات کو اختتام پذیر ہوگی، این اے 8 باجوڑ میں سات، این اے 44 ڈیرہ اسمٰعیل خان میں 19 امیدوار آمنے سامنے ہیں۔الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پی کے 22 کوہاٹ میں 13 اور پی کے 91 باجوڑ میں 10 امیدواروں کے مابین مقابلہ ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں