ْروٹی کی نئی قیمت کے اطلاق کیلئے پنجاب حکومت متحرک، زائد نرخوں پر فروخت کرنے والے 817افراد گرفتار

روٹی کی قیمت میں کمی عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت کا بہت بڑا اقدام ، مقررہ نرخوںپر فروخت کو یقینی بنایا جائیگا‘ چیف سیکرٹری گزشتہ پانچ روز میں 22ہزار انسپکشنز، 347 مقدمات درج، ایک کروڑ 17لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کئے گئے ہیں‘بریفنگ

جمعہ 19 اپریل 2024 14:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر روٹی کی قیمت میں کمی پر عملدرآمد کیلئے پنجاب حکومت متحرک ہے اور مقررہ سے زائد نرخوں پر فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائیوں کے دوران گزشتہ پانچ روز میں 817 افراد کو گرفتار، 347 مقدمات درج اور ایک کروڑ 17 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کئے گئے ہیں۔روٹی زائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں ے متعلق رپورٹ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اخترزمان کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کے دوران پیش کی گئی۔

اجلاس میں صنعت اور خوراک کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، چیئرمین پی آئی ٹی بی اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نے کہا کہ روٹی کی قیمت میں کمی عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت کا بہت بڑا اقدام ہے، مقرر کردہ نرخوںپر فروخت کو ہرصورت یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمت میں کمی اور دیگر اخراجات کو مد نظر رکھ کر روٹی کی نئی قیمت مقرر کی گئی، زائد قیمت پر فروخت کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قیمتوں کی مانیٹرنگ کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک رہیں۔ سیکرٹری صنعت نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 22ہزار سے زائد تنوروں کی انسپکشنز اور 94 تنوروں کو سیل کیا گیا ہے۔

لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد سمیت 10 اضلاع میں روٹی کی قیمت 16 روپے مقرر کی گئی ہے، 26 اضلاع میں روٹی کی قیمت 15 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ ڈی جی خان اور راجن پور میں روٹی کی قیمت 13 روپے، مظفر گڑھ اور کوٹ ادو میں 12 روپے مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق تنوروں پر نئی قیمتوں کے پینا فلیکس آویزاں کر دیئے گئے ہیں، زائد نرخوں سے متعلق شکایات قیمت پنجاب ایپ یا شکایات سیل کے نمبر 080002345 پر درج کرائی جا سکتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں