لاہور چیمبر میں وفاقی ٹیکس محتسب کے بارے میں آگاہی سیشن کا انعقاد

جمعرات 2 مئی 2024 18:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2024ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وفاقی ٹیکس محتسب کے تعاون سے وفاقی ٹیکس محتسب کے بارے میں آگاہی سیشن کا انعقاد کیا،جس کی صدارت لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کی جبکہ اس موقع پر وفاقی ٹیکس محتسب کے انکم ٹیکس ایڈوائزرز خالد جاوید، احمد شہاب اور ڈائریکٹر ایف ٹی او ناظم رضا نے بھی خطاب کیا۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے شرکا کو خوش آمدید کہا اور تاجر برادری کے ٹیکس سے متعلق تمام تنازعات کے فوری حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے پر وفاقی ٹیکس محتسب کا شکریہ ادا کیا۔کاشف انور نے کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ وفاقی ٹیکس محتسب نے ملک کے تمام بڑے چیمبرز میں تاجر برادری کی رہنمائی کے لئے اس طرح کے سیشنز کا انعقاد کیا اور آگاہی پیدا کرنے کے لیے مختلف ٹیکس بارز اور ایس ایم ایز کے ساتھ میٹنگز بھی کی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی بڑی تعداد ابھی تک وفاقی ٹیکس محتسب کے کام اور اس کے فوائد سے پوری طرح آگاہ نہیں ہے جس کی وجہ سے انہیں ٹیکس سے متعلق مسائل کو حل کرنے میں بہت سی مشکلات کا سامنا ہے۔لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ کی ذاتی دلچسپی نے ایف ٹی او اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان بہت مضبوط ورکنگ ریلیشن شپ قائم کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف ٹی او ٹیکس سے متعلق تمام تنازعات کے فوری حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔کاشف انور نے مزید کہا کہ لاہور چیمبر ٹیکس ریفنڈز اور دیگر متعلقہ مسائل کے حل کے لیے وفاقی ٹیکس محتسب کے فعال کردار کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل لاہور چیمبر میں ایف ٹی او آفس کی جانب سے ٹیکس ریفنڈز کے چیک کی ادائیگی کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا تھا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی کے عمل کو مستقبل قریب میں مزید فعال بنایا جائے گا تاکہ برآمدی شعبے کے لئے زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔لاہور چیمبر کے صدر نے مزید کہا کہ ملک کو اس معاشی بحران سے نکالنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور تاجر برادری اس سلسلے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں